.

سعودی عرب کی جانب سے پاکستانی طلباء کے لئے 600 وظائف کا اعلان

سعودی عرب یا پاکستان میں مقیم پاکستانی مرد وخواتین 25 سعودی یونیورسٹیوں میں داخلہ لے سکیں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی حکام نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لئے 25 سعودی یونیورسٹیوں تمام اخراجات کے حامل 600 وظائف کا اعلان کیا ہے۔ پاکستانی وزارت تعلیم کے حکام نے سعودی اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

گزشتہ ہفتے کے دوران ریاض میں پاکستانی سفارتخانے نے اعلان کیا تھا کہ سعودی وزارت تعلیم نے پاکستانی طلبہ کے لئے وظائف دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان اسکالر شپس میں تعلیم، رہائش، ریٹرن ائیر ٹکٹس، شادی شدہ طلبا کے لئے سامان خریدنے کا الائونس، طبی الائونس اور 850 سے 900 ریال کا ماہانہ خرچ بھی شامل ہے۔ یہ وظائف انڈر گریجوایٹ اور پوسٹ گریجوایٹ دونوں پروگراموں میں دئیے جارہے ہیں۔

معاصر عزیز عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستان کی فیڈرل سیکریٹری برائے تعلیم فرح حامد خان نے سعودی اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستانی طلباء سے کہا ہے کہ اس پیشکش سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

اسکالر شپس میں 75 فی صد حصہ پاکستان میں مقیم نوجوانوں جبکہ باقی 25 فی صد سعودی میں موجود پاکستانی نوجوانوں کے لئے ہے۔ اس وظیفے کے لئے درخواستیں مرد وخواتین دونوں جمع کروا سکتے ہیں۔