.

خطے میں بحری سکیورٹی کے لیے پاک بحریہ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں: سعودی امیر البحر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز وائس ایڈمرل فہد بن عبداللہ الغفیلی نے منگل کے روز پاکستان نیول ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کے پریس ریلیز کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

بعد ازاں معزز مہمان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔ دورہ کے موقع پر معزز مہمان نے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقاٸی میری ٹاٸم سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی امیر البحر اپنے پاکستانی ہم منصب کے ہمراہ
سعودی امیر البحر اپنے پاکستانی ہم منصب کے ہمراہ

معزز مہمان کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں اور استعداد کار کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ معزز مہمان نے خطے میں بحری سکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مضبوط مذہبی، ثقافتی اور دفاعی روابط قائم ہیں۔ کمانڈر رائل سعودی نیول فورسز کے اس دورے سے دونوں برادر ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔