پاکستان کے شہر اسلام آباد میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد پر اومیکرون کا وار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد سمیت گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 34 افراد میں اومیکرون کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ضعیم ضیا کے حوالے سے روزنامہ ڈان میں شائع ہونے والی خبر میں بتایا ہے کہ اسلام آباد میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں اومیکرون کے مزید 34 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اومیکرون کے کیسوں کی تعداد 66 ہو گئی ہے انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں اومیکرون کا پہلا کیس 25 دسمبر کو سامنے آیا تھا اور آج سے قبل شہر میں کیسوں کی تعداد 32 تھی۔

ڈاکٹر ضعیم نے مزید کہا کہ عالمی وبا کے تناظر میں اسلام آباد میں اومیکرون مزید پھیلے گا لہٰذا شہری افراتفری نہ پھیلائیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ ماسک پہنیں اور ویکسین لگوائیں۔

ادھر وزارت صحت اومیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ایڈوائزری بھی جاری کی ہے جس میں شہریوں کو نئے سال کی تقریبات کے موقع پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ اسلام آباد میں ایک تقریب کے موقع پر ایک ہی خاندان کے 15سے زائد افراد وائرس کا شکار ہوئے اور شہر میں اومیکرون کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔

وزارت صحت نے کہا کہ نئے سال کی تقریبات کے موقع پر زیادہ سفر، ماسک نہ لگانے، سماجی فاصلہ اختیار نہ کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کی صورت میں لوگوں کے وائرس کا شکار ہونے خدشہ ہے۔

اس حوالے سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تقریبات خصوصاً رش والے مقامات جیسے شاپنگ مال وغیرہ پر جانے سے پرہیز کریں اور عوام الناس میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ضروری ہے کہ صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی باہر جائیں۔

وزارت صحت نے لوگوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اور اپنے پیاروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے جلد از جل قریبی ویکسی نیشن مراکز پر جا کر ویکسین لگوائیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی شخص میں وائرس کی علامات ظاہر ہوتی ہیں تو وہ فوراً قرنطینہ کر لے اور کووڈ۔19 کی رپورٹ منفی آنے تک قرنطینہ میں رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے یومیہ کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 515 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ گذشتہ روز ملک میں 482 کیسز سامنے آئے اور اس سے قبل 10 نومبر کو 637 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

گذشتہ روز ہی کراچی میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد میں اومیکرون کی تصدیق ہوئی تھی۔ متاثرہ افراد چند روز قبل لاہور سے کراچی پہنچے تھے اور متاثرین میں 8 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں جبکہ ان کی عمریں 26 سے 77 سال کے درمیان ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں