کرونا وائرس

صدرعارف علوی کادوسری مرتبہ کووِڈ-19 کا ٹیسٹ مثبت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستان کے صدرعارف علوی دوسری مرتبہ کووڈ-19 کا شکار ہوگئے ہیں۔انھوں نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ ان کا کروناوائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔

انھوں نے شہریوں سے احتیاطی تدابیراور معیاری آپریٹنگ طریق کار (ایس او پیز) پرعمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

انھوں نے ٹویٹ میں بتایا کہ ’’انھیں چار سے پانچ دن سے گلے میں درد تھا اوروہ بہتر ہو رہا تھا۔ دو رات پہلے کچھ گھنٹوں کے لیے ہلکا سا بخارمحسوس کیا۔اس کے علاوہ کوئی اورعلامات نہیں ہیں‘‘۔

انھوں نے دوستوں اور بہی خواہوں پر زوردیا ہے کہ وہ براہِ کرم احتیاطی تدابیر پردوبارہ عمل شروع کردیں۔

صدر کا ٹیسٹ اسی دن مثبت آیا ہے جب پاکستان میں قریباً تین ماہ کے دوران میں پہلی مرتبہ کرونا وائرس کے یومیہ 1000 سے زیادہ کیسوں کی اطلاع ملی ہے۔یومیہ کیسوں میں یہ اضافہ انتہائی متعدی قسم اومیکرون کی وجہ سے ہورہا ہے۔اس سے ملک میں وائرس کی پانچویں لہر بھی آئی ہے۔

قبل ازیں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ فی الحال ملک میں دوبارہ لاک ڈاؤن لگانے کے آپشن پر غور نہیں کیا جارہا ہے اور فوری توجہ ویکسین لگانے کی رفتار بڑھانے پرمرکوزکی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ صدر عارف علوی پہلی بار گذشتہ سال 29 مارچ کو کروناوائرس کا شکار ہوئے تھے۔انھیں تب کووِڈ-19 ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جاچکی تھی۔ خاتونِ اوّل ثمینہ علوی نے بعد میں بتایا تھا کہ صدر میں معمولی علامات تھیں لیکن ان کی طبیعت بہتر تھی اور وہ ہشاش بشاش تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں