بلوچستان:ضلع کیچ میں چیک پوسٹ پردہشت گردوں کا حملہ؛ 10 فوجی جوان شہید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کے سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر حملے میں دس فوجی جوان شہید ہوگئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ،آئی ایس پی آر) نے جمعرات کو ایک بیان میں بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے’’چھاپا مار کارروائی‘‘ 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب کی تھی۔

بیان کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ کا مقابلہ کرتے اوران کا حملہ پسپا کرتے ہوئے 10 فوجیوں نے جامِ شہادت نوش کیا ہے۔

اس میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس واقعہ کے بعد کلیئرنس آپریشن میں تین دہشت گردوں کو پکڑ لیا گیا ہے اور اس واقعے کے مجرموں کو پکڑنے کے لیے ابھی کارروائی جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں،خواہ اس کے لیے انھیں کچھ ہی قیمت چکانا پڑے۔

قبل ازیں جنوری کے اوائل میں صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں واقع علاقے جانی خیل میں دہشت گردوں کے فوجی چوکی پر حملے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہو گیا تھا۔

پانچ جنوری کو خیبرپختونخوا ہی میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پردوالگ الگ کارروائیوں میں دو فوجی جوان شہید ہوئے تھے اوردو دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

گذشتہ ماہ قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کے دوران میں دہشت گردوں کا پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا۔اس جھڑپ میں پاک فوج کے چارجوان شہید ہوگئے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں