قطر کے سفیر شیخ سعود عبدالرحمن آل ثانی کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

وزیر اعظم شہباز شریف سے قطر کے سفیر شیخ سعود عبدالرحمن آل ثانی نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق قطر کے سفیر نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر قطری قیادت کی جانب سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کی قطر کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قطری قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغامات پر قطری سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے قطر ۔پاکستان تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا،بالخصوص وزیراعظم نے اس سلسلے میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں کا ذکر کیا۔

وزیراعظم نے افغان امن عمل میں سہولت کار کے طور پر قطر کے کردار کو سراہا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان اور قطر افغانستان میں امن و استحکام کے فروغ اور افغان عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔

قطر خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کی ایک بڑی آبادی کا گھر ہے۔ پاکستان اور قطر کے مابین عقیدے اور اقدار کی مضبوط بنیادوں پر قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی تعاون کرتے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں