وزیراعظم شہبازشریف سے اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر کی ملاقات

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کی خواہش

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے پیر کے روز اسلام آباد میں متعین خادم الحرمین الشریفین کے سفیر نواف سعید المالکی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سعودی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور سعودی عرب کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کے ساتھ اپنی حالیہ بات چیت کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم نے سعودی سفیر سے کہا کہ وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کی نیک تمنائیں پہنچائیں۔ وزیراعظم نے سعودی عرب میں اصلاحات متعارف کرانے کے سعودی قیادت کے وژن کو سراہا۔ وزیراعظم نے سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بڑھانے میں ان کے اہم کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے دونوں ممالک کی ترقی میں کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح وبہبود اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد، قریبی تعاون اور مشترکہ دلچسپی کے تمام معاملات پر یکساں خیالات پر استوار ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کے نئے مواقع کے ذریعے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کے مزید فروغ کیلئے اپنی حکومت کے عزم پر زور دیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں