ٹوئٹر پر حنا ربانی کھر کے خلاف صنفی طنز فواد چوہدری کو مہنگا پڑ گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ہاکستان میں نئی کابینہ کے اعلان کے بعد سیاسی حریفوں کی طرف سے اتحادی حکومت اور وزراء کے چناؤ پر تنقید بھی کی گئی لیکن پاکستانی سوشل میڈیا پر سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری وہ واحد شخصیت تھے جنہیں ایک خاتون وزیر پر تنقید کرنا مہنگی پڑ گئی۔

فواد چوہدری نے منگل کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قطری نیوز چینل ’الجزیرہ‘ کے ایک شو کا کلپ شیئر کیا اور وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کو ’لو آئی کیو ویمن‘ قرار دیا۔

صرف یہی نہیں بقول فواد چوہدری ’’جب آپ کم ذہانت والی خاتون کو وزیر خارجہ مقرر کرتے ہیں اور جن کی شہرت صرف ان کے مہنگے ’برکن برانڈ‘ کے ہینڈ بیگز آئی گلاسز ہوں تو ان سے چھوٹی چھوٹی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔‘‘

سابق وزیر اطلاعات نے ٹوئٹ میں ’امپورٹڈ حکومت نا منظور‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔ ساتھ ہی فواد چوہدری نے امید کا اظہار کیا کہ جلد ہی ان سے چھٹکارا بھی مل جائے گا۔

مذکورہ انٹرویو میں حنا ربانی کھر نے افغان جنگ میں امریکا کا ساتھ دیے جانے پر پاکستانی کردار اور خطے کی صورتحال پر گفتگو کی تھی جب کہ انہوں نے ڈرون حملوں کے حوالے سے بھی حکومت پاکستان کا موقف پیش کیا تھا۔

پروگرام کے دوران حنا ربانی کھر نے واضح انداز میں افغان جنگ میں پاکستانی کردار اور ترجیحات کو پیش کیا تھا۔

واضح رہے حنا ربانی کھر پی پی پی کی حکومت میں 2011 سے 2013 تک وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز رہی تھیں اور وہ اس اہم وزارت پر تقرری پانے والی پہلی اور کم عمر ترین خاتون تھیں۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر پر ’صنفی طنز‘ کرنے پر سابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کو تنقید کا سامنا ہے جب کہ لوگ ان سے پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما سے معافی مانگنے کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔

زیادہ تر لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ وہ تحریک انصاف کے سپورٹر اور ووٹر ہیں لیکن وہ فواد چوہدری کی اس بات سے بہت ناراض اور افسردہ ہوئے ہیں کہ انہوں نے ایک ذہین خاتون کو صنفی تنقید کا نشانہ بنایا۔

متعدد پی ٹی آئی ووٹرز اور سپورٹرز نے فواد چوہدری کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ان کی زبان ناقابل قبول ہے، حنا ربانی کھر پاکستان کے چند بہترین وزارئے خارجہ میں سے ایک ہیں۔

لوگوں نے سابق وزیر اطلاعات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ حنا ربانی کھر کو اقتدار میں نہ دیکھ پانا ایک الگ چیز ہے جب کہ ان کی ذات پر طنز کرنا بلکل الگ بات ہے۔

بعض ٹوئٹر صارفین نے فواد چوہدری کو یاد دلایا کہ وہ حنا ربانی کھر کے مذکورہ ویڈیو کو غور سے سنیں، وہ کتنے احسن طریقے سے شاندار جوابات دے رہی ہیں اور اس سے ان کی ذہانت کا علم ہو رہا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں