.

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد کی ملاقات

شہباز شریف کا بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈرشیخ محمد بن عیسی الخلیفہ سے ٹیلیفونک رابطہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بحرین کے سفیر نے وزیر اعظم شہباز شریف کو بحرین کی قیادت کی طرف سے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

بحرین کے سفیر نے پاکستان اور بحرین کے مابین دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بحرین پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بحرین کی قیادت کی طرف سے تہنیتی پیغام پر بحرین کے سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، افرادی قوت اور غذائی تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات اور دوطرفہ اقتصادی روابط کو مستحکم بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے بحرین کی حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کی وباکے مشکل وقت میں پاکستانی برادری کی دیکھ بھال پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں شاہ حمد نرسنگ یونیورسٹی اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز ہاسپٹل کے منصوبے کا بھی خیر مقدم کیا جو دونوں ممالک کے مابین قریبی دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔

بحرین میں بہت بڑی تعداد میں سمندرپار پاکستانی رہتے ہیں اور پاکستان اور بحرین کے مابین مشترکہ عقیدے اور اقدار کی بنیاد پر قریبی دوستانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ قریبی اشتراک کار اور مختلف علاقائی اور عالمی امور پر یکساں دلچسپی رکھتے ہیں۔ پاکستان اور بحرین نے گزشتہ سال اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی پچاسویں سالگرہ بھی منائی تھی۔

پاکستان اور بحرین مشترکہ عقیدے اور اقدار کی مضبوط بنیادوں پر قریبی اور خوشگوار تعلقات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ دونوں ممالک دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر قریبی تعاون کرتے ہیں۔ پاکستان اور بحرین نے 2021 میں سفارتی تعلقات کے قیام کے 50 سال مکمل کر لیے۔

دریں اثنا وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کو بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر شیخ محمد بن عیسی الخلیفہ نے ٹیلی فون کیا۔ بحرین کے نیشنل گارڈ کمانڈر نے محمد شہباز شریف کو بطور وزیراعظم پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے نیشنل گارڈ کے کمانڈر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور گہرے اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وہ شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ کا پاکستان میں استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں