.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے جمعے کی شب وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے ملاقات کی ہے۔

پاکستان کے پرائم منسٹر ہاؤس کے ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ملاقات کے دوران تجارتی اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کو وسعت دینے اور پاکستان کی افرادی قوت کےلیے مزید مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور زیر غور آئے ہیں۔

ملاقات کے لیے رائل پیلس پہنچنے پر شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ شہباز شریف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر وزیراعظم محمد شہبازشریف سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ کے السلام پیلس میں وزیر اعظم پاکستان کا خیر مقدم کیا اور سرکاری استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

وفاقی وزرا بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ محمدآصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں موجود ہیں۔


منصب وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں