بلاول بھٹو کی انٹونی بلینکن سے ملاقات؛پاک امریکا تعلقات مضبوط بنانےکاعزم

پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کرکام کرنے کے منتظر ہیں:امریکی وزیر خارجہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی ہم منصب انٹونی بلینکن سے نیویارک میں ملاقات کی ہے اور ان سے دوطرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

دونوں وزراء خارجہ نے پاکستان اور امریکا کے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ غذائی تحفظ ایک چیلنج ہے،اس وقت دنیا کے بہت سے مقامات غذائی عدم تحفظ کا شکارہیں اور ہم چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں اور پاکستان سے معاشی وتجارتی تعلقات مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔بلنکن نے عالمی خوراک کانفرنس میں پاکستان کی شرکت پراظہارتشکر بھی کیا اور کہا کہ امریکا نے خطے کی سکیورٹی کی صورت حال پر بھی توجہ مرکوزرکھی ہوئی ہے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ان کی گفتگو کے جواب میں کہا کہ ہم پاکستان اورامریکا کے درمیان تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں اورامریکا کے کاروباری افراد کے ساتھ کام کرنے کوتیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جغرافیائی سیاسی صورت حال کے باعث کئی ایک چیلنجز درپیش ہے،عالمی سطح پر رونما ہونے والے واقعات کے سبب سکیورٹی چیلنجزدرپیش ہیں۔انھوں نے کہا کہ وہ امریکا اورپاکستان کے تعلقات کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے باہمی روابط بڑھانے کے منتظر ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے ملاقات میں اپنے ہم منصب کو یقین دلایا کہ امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں