کابل میں لاپتا صحافی انس ملک محفوظ ہیں، پاکستانی سفارت خانے کی تصدیق
افغانستان کے دارلحکومت کابل میں لاپتا ہونے والے پاکستانی صحافی انس کا ملک سے رابطہ ہو گیا ہے اور بتایا جاتا ہے کہ وہ محفوظ ہیں۔ انس ملک نے خود بھی ایک ٹوئٹ کے ذریعے وطن واپسی کی اطلاع دی ہے۔
صحافی انس ملک افغانستان میں طالبان کے اقتدار کو ایک سال مکمل ہونے پر رپورٹنگ کے لیے کابل میں موجود تھے جہاں جمعرات کی شام سے ان سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔ انس سے رابطہ نہ ہونے پر صحافتی حلقوں میں تشویش پائی جاتی تھی۔
تاہم اب کابل میں موجود پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے تصدیق کی ہے کہ ان کا انس ملک سے رابطہ ہو گیا ہے اور وہ بخیریت کابل میں ہی موجود ہیں۔
I am back.
— Anas Mallick (@AnasMallick) August 5, 2022
سفیر نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کی انس ملک کے ساتھ ٹیلی فون پر مختصر گفتگو ہوئی ہے اور سفارت خانہ ان کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔
واضح رہے کہ انس ملک سے رابط نہ ہونے پر ان کی گرفتاری کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
تین اگست کو انس ملک نے ایک ٹوئٹ میں کابل میں لی گئی اپنی ایک تصویر شیئر کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ طالبان کے اقتدار کو ایک سال مکمل ہونے پر کوریج کے لیے کابل میں موجود ہیں۔