.

وزیراعظم پاکستان نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے امدادی فنڈ قائم کر دیا

شہریوں بالخصوص مخیر حضرات سے سیلاب کی تباہ کاریوں کے شکار افراد کی مدد کی اپیل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وزیراعظم میاں محمدشہباز شریف نے ملک بھر کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے امدادی فنڈ قائم کر دیا۔

یہ فیصلہ وزیر اعظم شہبازشریف کی زیر صدارت سیلابی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ "پاکستان کی عوام بالخصوص مخیر حضرات سے درد مندانہ اپیل کرتے ہیں کہ سیلاب کی تباہی کا شکار اہل وطن کی دل کھول کر مدد کریں۔ تاریخی بارشوں نے سیلاب کی صورت قیامت صغریٰ برپا کی ہے۔"

شہباز شریف کے مطابق حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود 5 ارب روپے سیلاب متاثرین کے لیے فوری جاری کر دیے ہیں۔

وزیر اعظم آفس کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ جس طرح اہل پاکستان نے 2005 کے زلزلے اور 2010 کے ملک کے سب سے بڑے سیلاب کے وقت متاثرین کی دل کھول کر مدد کر کے پوری دنیا میں ایک مثال قائم کی تھی، آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے۔

سیلاب زدگان کے لئے رقوم پرائم منسٹر ریلیف فنڈ 2022 کے اکائونٹ نمبر 'جی-'12164 میں جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ وفاق نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ صوبائی حکومتوں سے بھی گزارش کی ہے کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیں تاکہ امدادی کاموں کو مزید تیز کیا جاسکے۔

مقبول خبریں اہم خبریں