ایشیا کپ کے اعصاب شکن میچ میں پاکستان نے بھارت کو5 وکٹ سے ہرادیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2022 کے ایک اعصاب شکن میچ میں پاکستان نے بھارت کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی ہے۔

بھارت نے ایشیاکپ کے سپرچارکے مرحلے کے میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے182 رنز کاہدف مقرر کیا تھا۔اس کے جواب میں پاکستان کی اننگزکاآغاز اچھا نہیں تھا اور اس کے کپتان بابراعظم جلد آؤٹ ہوگئے اور فخر زمان بھی کچھ خاص اسکورنہ کر سکے۔

دونوں کی یکے بعد دیگرپویلین واپسی کے بعد بابراعظم نے محمد نواز کو آرڈر میں تبدیلی کرتے ہوئے چوتھے نمبرپر بھیجا۔نوازاوررضوان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 73 رنز بنائے جس سے پاکستان ایک مرتبہ پھر کھیل میں واپس آگیا۔نواز نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور صرف20 گیندوں پر 42 رنز بنائے۔اس سے پاکستان کو مطلوبہ رن ریٹ کو قابو میں رکھنے میں مدد ملی۔محمد نوازکو ان کی شاندار کاکردگی پرمیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمدرضوان نے آج شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور انھوں نے 51 گیندوں پر 71 رنز بنائے اور پاکستان کی بھارت کے خلاف اس اہم میچ میں جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

خوش دل شاہ نے11 گیندوں پر 14 اور آصف علی نے 8 گیندوں پر 16 رنزبنائے۔میچ کے اختتامی لمحات میں ارشدیپ سنگھ نے آصف کا ایک آسان کیچ چھوڑدیاتھا جس سے بھارت کی جیت کی تمام امیدیں موہوم ہوگئیں اور پاکستان نے بیسویں اوور کی پانچویں گیند پر پانچ وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف پوراکرلیا۔

پاکستان نے اس اہم میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بلے بازی کی دعوت دی تھی اور بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹ کے نقصان 181رنز بنائے تھے۔

بھارتی اوپنرز کے ایل راہول اور روہیت شرما نے ،28،28 رنز بنائے اور اننگز کی شاندار بنیاد رکھی۔ان کے بعد ویرات کوہلی نے بھی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور انھوں نے 44 گیندوں پر60 رنز بنائے تھے۔واضح رہے کہ بھارت نے ایشیائی کپ کے ابتدائی مرحلے کے میچ میں پاکستان کو شکست دی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں