سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پاکستان کوشکست دے کرایشیا کپ کی فاتح

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ ٹورنا منٹ کے فائنل میچ میں پاکستان کو23 رنز سے شکست دے دی ہے۔اس طرح وہ چھٹی مرتبہ ایشیا کپ کی فاتح ٹھہری ہے۔

اتوارکو دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میچ میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹ کے نقصان پر 170رنز بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے 171 رنزکا ہدف دیا تھا مگراس کی پوری ٹیم بیسویں اوورمیں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کرسری لنکا کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی اورخود گیند بازی کا فیصلہ کیا تھا۔سری لنکا کی اننگز کی خاص بات بھنوکا راجاپکشے کی شاندار بلے بازی تھی۔ انھوں نے 45 گیندوں پرناقابل شکست 71 رنز بنائے اور سری لنکا کا اسکور مقررہ 20 اوورز کے بعد 170پر پہنچا دیا۔

سری لنکا کی ٹیم ایک مرحلے پرپانچ وکٹ پر 58 رنز بنا کر ڈگمگا رہی تھی۔اس کے بعد راجاپکشے، دھناجیا ڈی سلوا (28) اور وانندو ہاسرنگا (36) کی تیز بلے بازی نے انھیں مسابقتی مجموعی اسکور تک پہنچا دیا۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے سری لنکا کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نسیم خان، افتخاراحمد اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔

ایشیا کپ کے فائنل میچ میں پاکستانی بلے بازی آج ایک مرتبہ پھر مجموعی طورپربہتر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے اور صرف اوپنربلے باز محمد رضوان ، افتخاراحمد اور حارث رؤف دُہرے ہندسے میں داخل ہوسکے۔انھوں نے بالترتیب 32،55 اور13 رنز بنائے۔

باقی سات کھلاڑی دس سے بھی کم انفرادی اسکورپرآؤٹ ہوئے۔کپتان بابراعظم اس اہم میچ میں بھی کوئی نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف پانچ رنز بناکرپویلین کولوٹ گئے۔فخرزمان اور آصف علی بغیرکوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔

اس ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں دونوں ٹیمیں تین میں سے ایک ایک میچ ہارگئی تھیں اور سپر فور مرحلے میں انھوں نے بھارت اور افغانستان کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

گذشتہ جمعہ کو سری لنکا نے سپرفور کے میچ میں پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دی تھی۔ 1984 میں ایشیا کپ کے آغاز کے بعد اس سے پہلے سری لنکا نے پانچ بار یہ اعزاز جیتا تھا جبکہ پاکستان نے دو بار اس اعزاز حاصل کیا ہے۔

ایشیا کپ کے فائنل میچ میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی؛محمد رضوان(وکٹ کیپر)، بابر اعظم(کپتان)، فخر زمان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، شاداب خان، آصف علی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد حسنین۔

سری لنکا کی ٹیم: پتھوم نسانکا، کوسل مینڈس (وکٹ کیپر)، دنوشکا گوناتھیلاکا، دھننجیا ڈی سلوا، بھنوکا راجاپکشے، دسون شناکا (کپتان)، وانندو ہاسرنگا، چمیکا کرونارتنے، پرمود مدوشان، مہیش تھیکشنااور دلشان مدوشنکا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں