خادمِ حرمین شریفین کی ہدایت پرسیلاب زدگان کی امدادکےلیے سعودی عرب میں قومی مہم کاآغاز

شاہ سلمان مرکز کے ذریعے ابتدائی طور پر100 ٹن امدادی سامان پاکستان میں بھیجا جائےگا،نئے پلیٹ فارمز سے عطیات وصول کیے جائیں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے مملکت میں قومی امدادی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

شاہ سلمان انسانی امداد مرکزکے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ نے سوموار کوایک نیوز کانفرنس میں خادمِ حرمین شریفین کی جانب سے پاکستانی عوام کی امداد کےلیے قومی مہم شروع کرنے کی ہدایات کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ان کا مرکز ایک قابل اعتماد قومی ریلیف پلیٹ فارم ہے۔وہ پاکستان میں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کوامداد مہیا کرتا چلا آرہاہے۔

اس موقع پرشاہی دیوان کے مُشیرالشیخ عبداللہ المطلق نے کہا کہ مرکز امدادی سرگرمیوں میں دائیں بازو کی مانند ہے۔انھوں نے مخیّر حضرات پر زور دیا کہ وہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ اپنے بھائیوں کی مدد کےلیے آگے بڑھیں۔ان کے ساتھ ہم ایک عقیدے اور روادار اسلامی شریعت کے گہرے رشتے سے جڑے ہوئے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ زمانہ قدیم سے قریبی دوستیانہ تعلقات رہے ہیں۔انھوں نے اس بات پر زوردیا کہ خادمِ حرمین شریفین کی امدادی مہم اوراس میں بڑھ چڑھ کے حصہ لینے اور ایثاروقربانی سے کام لینے کی ہدایت امدادی سرگرمیوں کے لیے رقوم میں اضافے کا سبب بنے گی۔اس سے دونوں برادر عوام کے درمیان بھائی چارے کا رشتہ مزید مضبوط ہوگا۔اس سے یقیناً غم زدہ لوگوں کی داد رسی ہوگی اورانھیں فائدہ ہوگا۔

شاہی دیوان کے ایک اور مُشیرالشیخ سعد الشتری نے کہا کہ مصیبت میں گھرے ہوئے عوام کی امداد کے لیے یہ مقبول مہم جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنتوں میں سے ایک ہے۔انھوں نے سعودی شہریوں سے اس مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ شدید متاثر ہوئے ہیں اور انھیں شدید مالی نقصان پہنچا ہے۔

شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات کے ترجمان ڈاکٹر سامرالجتیلی نے وضاحت کی کہ مرکز کے پاس اپنی ایپ ہے جس کے ذریعے کوئی بھی شخص 30 سیکنڈز کے اندر امدادی مہم میں اپنا حصہ ڈال سکتا ہے۔

اس کے علاوہ مرکز کی جانب سے فراہم کردہ تمام سعودی بنکوں کے اکاؤنٹس میں بھی عطیات جمع کرائے جاسکتے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ’’ساہم‘‘اپلیکشن کے ذریعے عطیات دینا آسان ہے۔ہماراایک آپریشنل روم کام کررہا ہے اوروہ تمام عطیات مکمل چھان بین کے ساتھ وصول کرتا ہے۔

مزید برآں شاہ سلمان مرکز نے پاکستان میں سیلاب زدگان کےلیے 100 ٹن انسانی امدادی سامان فوری طورپر بھیجنے کااعلان کیا ہے۔اس کی پہلی کھیپ منگل کو روانہ کی جائے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں