سیلاب متاثرین کے لیے امدادی مہم پر پاکستان کا سعودی عرب کے لیے ہدیہ سپاس
حافظ طاہر محمود اشرفی کا سیلاب زدگان کی امداد پر سعودی سفیر سے اظہار تشکر
حکومت پاکستان نے غیر معمولی مون سون بارشوں کے نتیجے میں آنے والے تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی مشکلات میں کمی کے لیے امداد وتعاون کی سعودی مہم پر مملکت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
منگل کو حکومت پاکستان کے ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کردہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’حکومت پاکستان شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے جنرل سپروائرز عبداللہ الربیعہ کی شکر گزار ہے کہ انہوں نے مشکل وقت میں ملک کی مدد کے لیے یہ اقدام کیا۔‘
گزشتہ روز پاکستان میں سعودی عرب کے سفارتخانے نے اعلان کیا تھا کہ ’خادم حرمين شريفين کی ہدایات پر عمل درآمد اور ولی عہد کی متابعت کرتے ہوئے شاہ سلمان ریلیف سینٹر نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ساہم پلیٹ فارم کے ذریعے عطیات جمع کرنے کی ایک قومی مہم کا آغاز کیا ہے۔‘
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے جنرل سپروائزر عبداللہ الربیعہ نے پیر کو مہم کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا تھا۔
The government of Pakistan expresses gratitude to Dr Abdullah Al-Rabeeah, General Supervisor of King Salman (KS Relief), for taking this initiative to support the country in these challenging times. pic.twitter.com/U9vcDxrpUF
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) September 13, 2022
درایں اثنا چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے بھی سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک سعودی عرب تعلقات روز و شب مستحکم ہو رہے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’اے پی پی‘‘ کے مطابق حافظ طاپر محمود اشرفی نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کے دوران کیا۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے مہم چلانے کے فیصلہ پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سعودی عرب کی طرف سے مسلسل تعاون پر مشکور ہیں، پاک سعودی عرب تعلقات روز و شب مستحکم ہو رہے ہیں۔
سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے مشکل حالات میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد امیر محمد بن سلمان کے حکم پر امدادی سلسلہ شروع کر دیا ہے، کسی بھی مرحلہ پر سعودی عرب پاکستان کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے آج سے مسلسل امدادی سلسلہ شروع ہو رہا ہے۔