.

چیئرمین سینیٹ آف پاکستان اور وزیر داخلہ سے سعودی سفیر کی ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور محبت کی بنیاد پر استوار ہیں، پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے دوران سعودی عرب کی بروقت امداد قابل تعریف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤ س میں ان سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھر پور مدد اور حمایت کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر یکجہتی اور بھر پور مدد کرنے پرتشکر کا اظہار بھی کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین کی ڈھارس بندھائی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین کے دلوں میں پاکستان کیلئے بے پناہ محبت اور احترام کا جذبہ موجود ہے اور انہوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی بھر پور معاونت کی ہے، پاکستان سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور محبت کے لازوال رشتے سے جڑے ہیں، دونوں ممالک کے تعلقات کی بنیاد مذہبی، تاریخی، ثقافتی اور سماجی مماثلتوں پرمشتمل ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابوں کے دوران سعودی عرب کی بروقت امداد قابل تعریف ہے، مسلم اْمہ کے قائد کی حیثیت سے خادم الحرمین الشریفین کے کردار کو سراہتے ہیں۔ حکومت پاکستان اور عوام کے دل میں خادم الحرمین الشریفین اور سعودی قیادت کے لئے بے پناہ عزت و احترام ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری و دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے وسیع گنجائش موجود ہے، سی پیک خطے کیلئے مستقبل کا گیم چینجر ثابت ہوگا، سعودی سرمایہ کار پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے موجود مواقع سے مستفیدہوں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ادارہ جاتی سطح پر پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ پاکستانیوں کی کثیر تعداد سعودی عرب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے سعودی قیادت کا کردار قابل تحسین ہے۔ سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ حالیہ بارشوں اور سیلابوں سے پاکستان میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر شدید دکھ ہواہے اورمشکل کی اس گھڑی میں بھر پور تعاون کیا جارہا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے دوست ممالک میں سے اہم ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں وسیع سرمایہ کاری پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے اور باہمی تعلقات کی مضبوطی سے حالات مزید بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ پاکستان کی ایوان بالاء اور سعودی شوریٰ کونسل کے مابین ادارہ جاتی تعاون پر مزید پیشرفت ہونی چاہئے۔

رانا ثنا اللہ سے نواف بن سعیدالمالکی کی ملاقات

دریں اثنا پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعیدالمالکی نے پیر کو وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے بھی ملاقات کی۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ تعاون معاہدے کے مسودے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ پاکستانی عازمین حج وعمرہ کے لیے انتہائی سود مند ہے۔ وزیر داخلہ نے حالیہ سیلاب میں متاثرین کے لیے ہنگامی انسانی امداد پر سعودی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر تمام داخلی اور علاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔ ’پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اور محبت رکھتے ہیں۔ سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ فراخدلانہ مدد اور معاونت کی ہے۔‘

اسلام آباد پاکستان میں خادم حرمين شريفين کے سفیر جناب نواف سعيد المالکی نے پیر ہی کے روز وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری کی موجودگی میں وزارتِ محنت کے پیشہ ورانہ امتحانی پروگرام کے پہلے مرحلےکا افتتاح کیا اور پروگرام کے متوقع فوائد کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی۔

مقبول خبریں اہم خبریں