.

نیویارک: وزیرخارجہ بلاول بھٹو کی چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات

سیلاب سے ہونے والی تباہی سمیت تمام چیلنجز کیخلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے، چینی وزیر خارجہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر پاکستانی وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چینی ہم منصب وانگ یی سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات کے دوران اقوام متحدہ سمیت باہمی شراکت داری اور دوطرفہ تعاون پر وسیع تناظر میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے اعلی سطح کے قریبی رابطوں کو جاری رکھنے اوردونوں ممالک کے درمیان سٹریٹیجک تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا۔

وزیر خارجہ نے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں پاکستان کی بھرپور حمایت اور مدد پر چین کی قیادت ، حکومت اور عوام کا بھرپور شکریہ ادا کیا ۔

15 ستمبر کو سمر قند میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر شی جن پنگ کے درمیان سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے سٹرٹیجک تعاون کو مزید وسعت دینے ، باہمی مفادات اور خدشات میں ایک دوسرے کی بھرپور حمایت ، معاشی تعاون میں اضافے ، سی پیک میں تیزی سے پیشرفت کرنے اور دوطرفہ سیکورٹی تعاون مضبوط کرنے کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے منشور اور مقاصد کے تحت کثیر جہتی ، آزاد تجارت اور ترقی کے تناظر میں چین کے ساتھ کئی امور پر مل کر کام کرنے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بی آر آئی اور گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو(جی ڈی آئی)جیسے جامع اقدامات کے ذریعے عالمی سماجی و معاشی ترقی میں چین کی شراکت داری کو سراہا۔

چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ موجودہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سمیت تمام چیلنجز کیخلاف پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ پاکستان نے اپنے ملک میں کام کرنے والے چینی شہریوں اور اداروں کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں