سعودی وزارت داخلہ کے وفد کی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان سے سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے سینئر حکام کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔

وزارت داخلہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعیدالمالکی بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر اور وزارت داخلہ کے دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

سعودی سفارتکار حسن القحطامی کے قتل کی تحقیقات اور مجرمان کی گرفتاری سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے معاہدے سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

سعودی وفد کی سفیر خادم حرمین شریفین کی سربراہی میں وزیر داخلہ سے ملاقات: @KSAembassyPK
سعودی وفد کی سفیر خادم حرمین شریفین کی سربراہی میں وزیر داخلہ سے ملاقات: @KSAembassyPK

پاک سعودی روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ معاہدے پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کی داخلہ وزارتوں کے درمیان کوآرڈی نیشن مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ سعودی حکام کا پاکستان سعودی عرب تعلقات میں مزید مضبوطی کے لئے ہمہ جہت کوششیں کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے حالیہ سیلاب میں متاثرین کیلئے ہنگامی انسانی امداد دینے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔

پاکستان اور سعودی عرب مل کر تمام داخلی اور علاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔ سعودی سفارتکار کے قتل میں ملوث مجرمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجرمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ سعودی سفارتکار کے لواحقین اور خاندان کے دیگر افراد سے انتہائی ہمدردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ ہیں۔ پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اور محبت رکھتے ہیں۔

سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ فراخدلانہ مدد اور معاونت کی۔ سیلاب زدگان کی بر وقت امداد سے حکومت کی متاثرین کی بحالی میں مدد ملی جس پر ہم سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔ سعودی حکام نے سفارتکار حسن القحطانی کے قتل کی تحقیقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سعودی حکام نے مجرمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی پر وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا شکریہ ادا کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں