ٹی 20ورلڈ کپ: بھارت نے پہلے میچ میں پاکستان کو 4 وکٹ سے شکست دے دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ٹی 20 عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے آسٹریلیا کے شہرمیلبورن کے کرکٹ گراؤنڈ(ایم سی سی) میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو چار وکٹ سے شکست دے دی ہے۔دونوں ٹیموں کے ٹی 20 کے گروپ 2 کے اس پہلے میچ میں آخری اوورکی آخری گیند تک زبردست اور اعصاب شکن مقابلہ ہواہے۔

بھارت کی جیت میں تجربہ کار اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔انھوں ںے 53 گیندوں پر ناقابل شکست 82 رنز بنائے۔ان میں آخری اوور میں ایک چھکا بھی شامل تھا جس نے ان کی ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔تب بھارت کو جیت کے لیے 6 گیندوں پر16 رنزکی ضرورت تھی۔کوہلی ہی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ہے۔

کوہلی نے بھارت کی اننگز کے مشکل لمحات میں ہاردک پانڈیا کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کرنے میں کردارادا کیا۔پاکستان کے جیت کے لیے مقرر کردہ ہدف 160 رنز کے تعاقب میں بھارت کا آغاز اچھا نہیں ہوا تھا اور اس کے صرف31 رنز پرچار کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔

اس سے قبل، پاکستان کرکٹ ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے تھے۔اس کی اننگز کاآغاز بھی اچھا نہیں ہوا تھا اور اس کے دونوں ابتدائی اور اسٹار بلے بازمحمد رضوان صرف چاررنزبنا کر اور کپتان بابراعظم صفر پرآؤٹ ہوگئے تھے۔

ان کے بعد افتخاراحمد اور شان مسعود ذمے دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اوران کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستانی ٹیم نے آٹھ وکٹ کے نقصان پرمقابلے کے قابل آبرومندانہ 159رنز بنائے تھے۔ان دونوں کے علاوہ شاہین شاہ آفریدی نے 16 رنز بنائے تھے اور باقی کوئی بھی بلے باز دُہرے ہندسے میں داخل نہیں ہوسکا تھا۔

شان مسعود 52 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے تھے لیکن پاکستانی اننگز کے اصل ہیرو افتخاراحمد تھے۔انھوں نے ایک موقع پر 34 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیل کرمیچ پر بھارت کی گرفت کوکم زورکرنے کا خطرہ پیدا کر دیا تھا۔بھارت کی طرف سے ارشدیپ سنگھ اور ہردیک پانڈیا نے تین تین کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

مبصرین نے بھارت کی اس میچ میں جیت کوکرکٹ کے عالمی مقابلوں کی بڑی فتوحات میں سے ایک قراردیا ہے اور اس کے سہراویرات کوہلی کے سرجاتا ہے۔انھوں نے میچ کے بعد گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ’’کھیل کی شدت اور صورت حال کی وجہ سے یہ میری ٹی 20 میچوں کی بہترین اننگز ہے۔ایمانداری سے میرے پاس الفاظ نہیں،مجھے نہیں معلوم کہ یہ سب کیسے ہوا ہے‘‘۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں