پاکستان:سعودی عرب کے خلاف حوثیوں کی دہشت گردکارروائیوں کی شدید مذمت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستان نے حوثیوں کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کیا ہے۔ دفترخارجہ کے ترجمان نے پیرکو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ یمن میں جاری بحران کے پُرامن تصفیے کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کی بھرپورحمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ نیزپاکستان نے یمن میں تنازع کے تمام فریقوں پر مسلسل زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مخاصمت کے خاتمے کے لیے پرامن اور بامعنی مذاکرات میں شریک ہوں۔

ترجمان نے کہا کہ سال رواں کے شروع میں طے پانے والی جنگ بندی کے نتیجے میں یمن میں نسبتاً امن قائم ہوا ہے اوراس کا ملک اور اس جت عوام کو فائدہ ہوا۔تاہم یہ افسوس ناک امر ہے کہ حوثیوں نے اس جنگ بندی کی تجدید نہیں کی ہے۔اس سے یمن کے عام باشندوں کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوگا اور ان کا رویہ ممکنہ طور پر پائیدار امن کے حصول کی تمام کوششوں کوپٹڑی سے اتار دے گا۔

انھوں نے اپنے بیان میں ایک بار پھر حوثیوں پر زور دیا کہ وہ جنگی سرگرمیاں اور دہشت گردانہ کارروائیاں بند کریں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی بنیاد پر تنازع کو ختم کرنے کے لیے سنجیدہ بات چیت میں شامل ہوں اور اقوام متحدہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کی تجدید کریں۔

بیان کے مطابق پاکستان اس بات میں یقین رکھتا ہے کہ جنگ کا کوئی مقصد نہیں اور تمام مسائل پرامن بات چیت کے ذریعے حل کیے جاسکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ اس راستے کو جلد اپنانے سے ہزاروں معصوم جانیں بچ جائیں گی اور یمنی عوام کے مستقبل کی حفاظت ہوگی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں