پاکستان مارکیٹ میں جدت طرازی اورممکنہ سرمایہ کاروں تک رسائی کے لیے تیار ہے:وزیراعظم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مارکیٹ میں جدت طرازی کے لیے تیار ہے اور وہ اپنی آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے ممکنہ سرمایہ کاروں تک رسائی کو بھی تیار ہے۔

وہ منگل کے روزسعودی دارالحکومت الریاض میں منعقدہ مستقبل سرمایہ کاری اقدام کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان متحرک تکنیکی تبدیلیوں سے فائدہ اٹھانے کی منفرد حیثیت رکھتا ہے۔ہمارے پاس دنیا کی سب سے کم عمر آبادی میں سے ایک ہے۔ان میں سے زیادہ تر نوجوان نئی ڈیجیٹل دنیا کےآلات سے لیس ہیں۔ وہ زیادہ مہارت اور زیادہ مواقع کی تلاش میں ہیں۔

انھوں نے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان فری لانسنگ کے حوالے سے چوتھا مقبول ترین ملک ہے۔آج پاکستان کے شہری اور دیہی علاقوں میں ہرایک خاندان کو موبائل فون اور انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہے، وہ اعلیٰ تعلیمی معیار کے خواہاں ہیں، وہ صارفین کی مصنوعات خریدنا چاہتے ہیں اور انشورنس سے لے کرصحت کی دیکھ بھال تک ہرچیز کی ضرورت ہے۔لہٰذا،اس مطالبہ کی اہمیت کو سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کی طرف سے اچھی طرح سے سراہا اور تسلیم کیا جا سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان مارکیٹ میں جدت طرازی کے لیے تیار ہے۔پاکستانی کاروباری افراد کی نئی نسل روایتی کاروباروں سے دور بھاگ رہی ہے اور اپنی توجہ اور توانائیوں کو تخلیقی اختراعات کی طرف موڑ رہی ہے۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم نے صاف توانائی کے وسائل کے حقیقی مواقع کی تلاش میں مشترکہ کوششوں کی ضرورت پرزوردیا۔اس کے ساتھ ساتھ جدیداور تکنیکی آلات کے استعمال کے ذریعے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے اس چیلنج سے زیادہ اہمیت کی کوئی چیزنہیں ہوسکتی ہے اور وہ یہ کہ اس بات کو کیسے یقینی بنایا جائے کہ ہمارا اجتماعی کل ہمارے آج سے بہتر ہے اورکیا ہم اس کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس ایسے آلات، مہارت اور ٹیکنالوجی موجود ہے جو ہمیں نہ صرف کل کی پیچیدہ دنیا کے ساتھ چلنے کے قابل بناتی ہے، بلکہ آج اسے اس انداز میں تشکیل دینے کے قابل بناتی ہے جس کا انسانیت پرسب سے زیادہ فائدہ مند اثر پڑتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’’تبدیلی اور تبدیلی کی رفتار کبھی اتنی تیز نہیں تھی،جتنی آج ہے۔ ٹیکنالوجی کی طاقت کے ساتھ دنیا کو اس مستقبل کی طرف لے جایا جارہا ہے جس کا ہم ماضی میں تصورکرتے تھے ہم تبدیلی کی حرکیات کو استعمال کرنے کے لیے اچھی طرح سے پوزیشن میں ہیں‘‘۔

انھوں نے مزیدکہا کہ ٹیکنالوجی کی طاقت ایک عظیم مساوات ہے کیونکہ یہ معاشرتی ، ثقافتی اور مالی رکاوٹوں کو ختم کرسکتی ہے اور ان لوگوں کو بااختیار بناسکتی ہے جو اس سے فائدہ اٹھانے کے قابل ہیں۔

وزیراعظم نے ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جدت طرازی اور جرات مندانہ اقدامات پر بھی زور دیا جس سے زندگی کے ہر شعبے میں نتیجہ خیز تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ جدید ترین تکنیکی اختراعات دنیا کو ایسی تبدیلیوں کی طرف لے جارہی ہیں جن کے بارے میں ماضی میں شاید ہی سوچا گیا ہو۔

دریں اثناءوزیراعظم شہباز شریف نے الریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان سے ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ملاقات میں وزیراعظم کے ساتھ وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں