امریکی سائفر سے خبروں میں آنے والے اسد مجید سیکرٹری خارجہ تعینات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

پاکستانی دفتر خارجہ کے گریڈ 22 کے افسر ڈاکٹر اسد مجید خان کو ملک کے 31 ویں سیکریٹری خارجہ کی حیثیت سے تعینات کر دیا گیا ہے۔

اسد مجید خان اس تعیناتی سے قبل برسلز میں پاکستان کے سفیر تھے۔ بطور سیکریٹری خارجہ ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کیا گیا۔

وفاقی سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سوا تین سال اس اہم عہدے پر فرائض سر انجام دینے کے بعد 29 ستمبر کو سبکدوش ہوگئے تھے، جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔

سہیل محمود نے اپنی پیشرو تہمینہ جنجوعہ کے بعد اپریل 2019 میں وفاقی سیکریٹری خارجہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور اب ڈاکٹر اسد مجید ان کی جگہ سنبھالیں گے۔

نئے سیکریٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان جب امریکہ میں پاکستان کے سفیر تعینات تھے تو انہی کے دورِ سفارت میں امریکی سائفر کا معاملہ سامنے آیا تھا۔

انہوں نے 11 جنوری 2019 سے رواں برس مارچ تک واشنگٹن میں پاکستانی سٖفیر کی حیثیت میں خدمات سر انجام دیں تھیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی حکومت کے خاتمے کو مبینہ بیرونی سازش کا نتیجہ قرار دیا تھا اور اس سلسلے میں امریکہ سے آنے والے ایک مراسلے کا ذکر بھی کیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کے خلاف مبینہ بیرونی سازش کی حقیقت جاننے کی غرض سے ملک کی قومی سلامتی کمیٹی نے ڈاکٹر اسد مجید خان کو طلب کر کے بریفنگ بھی لی تھی۔

امریکہ میں تعیناتی سے قبل ڈاکٹر اسد مجید جاپان میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، جبکہ اس سال 24 مارچ کو انہیں بیلجیئم میں سفیر تعینات کیا گیا تھا۔

وہ 2016 سے 2017 کے دوران پاکستان کے دفتر خارجہ میں ایڈیشنل سیکریٹری، امریکہ ڈیسک بھی رہ چکے ہیں جبکہ 2012 سے 2015 تک واشنگٹن میں ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور ناظم الامور کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔

ڈاکٹر اسد مجید کا تعلق سی ایس ایس کے 16ویں سی ٹی پی سے ہے اور وہ ٹریڈ لا میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔

سہیل محمود کی سبکدوشی کے بعد ڈاکٹر اسد مجید دفتر خارجہ کے افسران کی سینیارٹی فہرست میں پہلے نمبر پر تھے، جبکہ دوسرے سینیئر افسران میں ترکی میں پاکستانی سفیر سائرس قاضی، اٹلی میں سفیر جوہر سلیم اور چین میں معین الحق بھی شامل تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں