ایرانی سرحد سے پاکستانی فورسز پر حملہ، پنجگور میں چار اہلکار شہید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی آیس پی آر نے کہا ہے کہ ’بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایران کے ساتھ ملحقہ سرحد پر ایرانی سرزمین سے سکیورٹی فورسز پر حملے میں چار اہلکاروں نے جام شہادت نوش کر لیا۔‘

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ’بدھ کو چکاب سیکٹر میں دہشت گردوں نے ایرانی سرزمین سے معمول کی پیٹرولنگ پر مامور سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کیا جس میں چار اہلکار شہید ہوگئے۔‘

Advertisement

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ایران سے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے کا کہا گیا ہے۔‘

پریس ریلیز کے مطابق ’پاکستان کی سکیورٹی فورسز بلوچستان میں بدامنی پھیلانے، عدم استحکام کا سبب بننے والے اور ترقی کے خلاف سرگرم عناصر کی ایسی کارروائیوں کو روکنے اور شکست دینے کے لیے پرعزم ہیں۔‘

دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجگور، بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کی خدمات اور وطن کیلئے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجگور، بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ صدر مملکت نے دہشت گرد حملے میں سکیورٹی فورسز کے 4 اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے دہشت گردی کے خلاف قوم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے شہدا کی خدمات اور وطن کیلئے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے شہید اہلکاروں کی بہادری پر انہیں سلام پیش کیا۔ بلندی درجات کی دعا بھی کی۔ صدر مملکت نے پنجگور دہشت گرد حملے کے شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

مقبول خبریں اہم خبریں