فیکٹ چیک: گلگت میں احتجاج سے متعلق بھارتی میڈیا کا جھوٹا پراپیگنڈہ بے نقاب
بھارتی میڈیا نے جھوٹا پروپیگینڈا کر کے گلگت بلتستان کے احتجاج کو سیاق وسباق سے الگ رنگ دینے کی مذموم کوشش شروع کر رکھی ہیں جن کا بھانڈا اب پھوٹ گیا ہے۔ جن ویڈیو ز کو دکھا کر بھارتی میڈیا جھوٹا پراپیگنڈہ کر رہا ہے وہ کئی سال پرانی نکلیں۔
تفصیل کے مطابق گزشتہ چند روز سے گلگت بلتستان (جی بی) میں زمینی اصلاحات، ٹیکسوں کے نفاذ، گندم کی قلت اور طویل بلیک آؤٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے 10 اضلاع کے مختلف علاقوں میں دکانیں، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ ٹریفک کی آمد ورفت بھی معطل ہے۔
اطلاعات کے مطابق ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث سیاحوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شدید سردی اور ایک دوسرے سے اختلاف کے باوجود اِن مظاہروں میں لگ بھگ بیشتر دینی وسیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ مختلف برادریاں بھی شامل ہیں۔ احتجاج کی قیادت عوامی ایکشن کمیٹی کر رہی ہے جو کہ مختلف سیاسی، مذہبی اور تجارتی انجمنوں کا اتحاد ہے۔