ایرانی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، دہشت گرد حملے پر تشویش کا اظہار
امید ہے ایرانی حکومت دہشت گردانہ حملے کے ذمہ داروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لائے گی:ترجمان دفتر خارجہ
پاکستان دفتر خارجہ نے پنجگور میں ایرانی دہشت گردوں کی فائرنگ سے سکیورٹی فورسز کے چار اہل کاروں کی شہادت پر ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی کو طلب کیا اور اپنی تشویش کا اظہار کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق پنجگور میں چار اہل کاروں کی شہادت پر ایرانی سفیر کو طلب کیا تاکہ اس دہشت گردانہ حملے پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کیا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق سفیر کو پاکستان کی اس توقع سے آگاہ کیا گیا کہ ایران کی حکومت دہشت گردانہ حملے کے ذمہ داروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لائے گی اور اس طرح کے واقعات کو دوبارہ ہونے سے روکے گی۔ پاکستان دہشت گردی کی لعنت سے لاحق مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز پنجگور کے چکاب سیکٹر میں دہشت گردوں کے حملے میں 4 جوان شہید ہو گئے تھے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ کے مطابق دہشت گردوں نے سرحد پر گشت کرنے والے قافلے کو نشانہ بنایا۔ دہشت گردوں کی طرف سے ایرانی سرزمین استعمال کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں سپاہی اسد علی، لانس نائیک فریداللہ، عبدالرزاق اور یونس خان شامل ہیں۔