دفتر خارجہ پاکستان کی طرف سے بیان جاری کیا گیا ہے کہ پاکستان آج سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتا ہے۔
’یہ اشتعال انگیز اسلاموفوبک عمل دنیا بھر کے 1.5 بلین مسلمانوں کی مذہبی حساسیت کو ٹھیس پہنچاتا ہے۔ ایسی کارروائیاں آزادی اظہار یا رائے کے کسی بھی جائز اظہار کے تحت نہیں آتیں۔‘
’اسلام امن کا مذہب ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔ ان اصولوں کی سب کو حمایت کرنی چاہیے۔‘
’عالمی برادری کو اسلاموفوبیا، زینوفوبیا، عدم برداشت اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد پر اکسانے کے خلاف مشترکہ عزم ظاہر کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘
🔊: PR NO. 1️⃣2️⃣/2️⃣0️⃣2️⃣3️⃣
— Spokesperson 🇵🇰 MoFA (@ForeignOfficePk) January 21, 2023
Pakistan strongly condemns the abhorrent act of desecration of the Holy Quran in Sweden
🔗⬇️https://t.co/5RM81b6mzA pic.twitter.com/y9Px3rA1Rx
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ’پاکستان کے تحفظات سویڈن کے حکام تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ ہم ان پر زور دیتے ہیں کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھیں اور اسلاموفوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔‘
یاد رہے کہ سویڈن میں بھی انتہائی دائیں بازو گروپ کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے اعلان پر جاری ہنگاموں میں شدت آ گئی ہے۔ سویڈن میں احتجاج کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب انتہائی دائیں بازو کے انتہا پسند ڈینش نژاد سوئیڈش سیاست دان ریسمس پلودن کی جانب سے قرآن مجید کے نسخے نذر آتش کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس سے قبل اسلام مخالف ریلیاں بھی نکالی گئی تھیں۔