وزیراعظم شہبازشریف اوراماراتی صدر کا دوطرفہ تعلقات کومضبوط بنانے پرتبادلہ خیال
متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا:شیخ محمد بن زاید
وزیراعظم شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زایدآل نہیان سے رحیم یارخان میں ملاقات کی ہے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا ہے۔
شیخ محمد بن زاید نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کئی دہائیوں پرانے ہیں۔ان کے والد شیخ زاید آل نہیان نے ان دوطرفہ تعلقات کی بنیاد رکھی اور وہ پاکستان اور اس کے عوام سے بے پایاں محبت رکھتے تھے۔
انھوں نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔انھوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ متحدہ عرب امارات ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
یواے ای کے صدر بدھ کوپاکستان کے دورے پرپنجاب کے شہررحیم یارخان پہنچے تھے۔اس کے بارے میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان ان کا دوسرا گھرہے۔

قبل ازیں رحیم یارخان کے چندنہ ائیرپورٹ پرآمد پر وزیراعظم نے دیگر سرکاری عہدے داروں کے ساتھ اماراتی صدرکا پُرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم نے ٹویٹرپرایک بیان میں کہا کہ ’’مجھے اپنے بھائی عزت مآب شیخ محمد بن زاید کی پاکستان آمد پران کا استقبال کرکے بے حد خوشی ہورہی ہے،یہ ان کا دوسرا گھر ہے۔اپنی آخری ملاقات کی بنیادپرہم نے اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں اور ذرائع پرتبادلہ خیال کیا ہے‘‘۔