معروف اداکار قوی خان 80 سال کی عمر میں کینیڈا میں انتقال کرگئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

فلم، ٹی وی اور اسٹیج کے معروف اداکار قوی خان کینیڈا میں انتقال کر گئے۔ ان کا شمار پی ٹی وی کے ابتدائی اداکاروں میں شمار ہوتا تھا۔

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لیجنڈ اداکار قوی خان کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور وہ علاج کی غرض سے کینیڈا گئے تھے جہاں وہ 80 سال کی عمر میں سرطان جیسے موذی مرض کے خلاف جنگ ہار گئے۔

ادکار قوی خان نے اپنی فنی زندگی کا آغاز ریڈیو پاکستان سے کیا۔ 1964 میں پاکستان ٹیلی ویژن کا آغاز ہوا تو انہیں اس کے پہلے ڈرامے نذرانہ میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔

اس کے علاوہ انہوں نے لاتعداد سیریلز، سیریز اور انفرادی ڈراموں میں کام کیا۔ ان کے مشہور ٹی وی ڈراموں میں اندھیرا اجالا، لاہوری گیٹ، دو قدم دور تھے، مٹھی بھر مٹی، من چلے اور بے شمار دیگر شامل ہیں ۔اداکار قوی خان نے متعدد فلموں میں میں کام کیا۔

قوی خان 1942 میں پشاور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ٹی وی، تھیٹر اور فلم میں اپنے فن کے ذریعے نام پیدا کیا۔

قوی خان کا شمار پاکستان کے ان عظیم اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے شوبز انڈسٹری پر اپنی صلاحیتوں کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔

80 کی دہائی میں قوی خان کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ بعد ازاں انہیں ستارہ امتیاز سے بھی سرفراز کیا گیا۔

محمد قوی خان پی ٹی وی ایوارڈ اور ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے لائف اچیومنٹ ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں