تاجر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی، طلبا مصنوعی ذہانت سیکھنے پر توجہ دیں:صدر علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تاجروں کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرنے کا حامل قرار دیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مصنوعی ذہانت سیکھنے پر توجہ دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میمن برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صدر مملکت نے پاکستان کی معیشت میں میمن برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے زیر اہتمام سینکڑوں تعلیمی ادارے اور اسپتال چل رہے ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک کے غریب لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے ان کی مدد کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے طلبا پر زور دیا ہے کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید دور اور تیز تر صنعتی ترقی میں مقابلہ کرنے کیلئے مصنوعی ذہانت سیکھیں۔
کراچی میں ایک یونیورسٹی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ملک کی خوشحالی میں حصہ ڈالنے کی بھرپورصلاحیت رکھتے ہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملک کو مستحکم کرنے کیلئے جمہوریت بہترین طریقہ ہے انہوں نے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کے ذریعے تبدیلی لانے کیلئے سیاست میں عملی حصہ لیں۔