پاکستان کی نجی فضائی کمپنی ائیر سیال نے بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کردیا

پہلے مرحلے میں لاہور اور اسلام آباد سے جدہ کے لیے ہفتہ وار آٹھ پروازیں آپریٹ ہوں گی: چیئرمین ائیر سیال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستان کی تیسری نجی ائیر لائن ائیر سیال نے لاہور سے اپنی بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ چیئرمین ائیر سیال کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور اور اسلام آباد سے جدہ کے لیے ہفتہ وار آٹھ پروازیں آپریٹ ہوں گی۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنشنل ائیر پورٹ پر بدھ کے روز منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ائیر سیال فضل جیلانی نے کہا کہ کامیاب ڈومیسٹک آپریشن کے بعد بین الاقوامی پروازوں کا آغاز اِئیر سیال کی بڑی کامیابی ہے۔

پہلے مرحلے میں لاہور، اسلام آباد سے جدہ کے لیے ہفتہ وار 8 پروازیں چلائی جائیں گی، اس طرح ائیر سیال کی ہر ماہ جدہ کے لیے 68 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں کراچی، ملتان اور سیالکوٹ سے جدہ کے لیے پروازیں آپریٹ ہوں گی جبکہ خلیجی ممالک کیلئے بھی جلد پروازیں چلائیں گے۔

ائیر سیال فضل جیلانی نے کہاکہ یورپی یونین کی پابندی ہٹنے کے بعد لندن اور مانچسٹر کے لیے بھی آپریشن شروع کرے گی۔ ائیر سیال کی پروازیں ائیر بس 320 کے ذریعے چلائی جا رہی ہیں جبکہ فضائی بیڑے میں جلد بڑے طیاروں کو شامل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی تیسری نجی ائیر لائن ائیر سیال نے تقریباً ڈھائی سال اندرون ملک پروازوں کے بعد بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کیا ہے۔

ائیر سیال کی افتتاحی بین الاقوامی پرواز لاہور سے 160 مسافروں کے ہمراہ جدہ روانہ ہو گئی ہے۔

چیئرمین ائیر سیال، بورڈ آف ڈائریکٹرز افسران اور سی اے اے حکام نے افتتاحی پروازکے مسافروں کو رخصت کیا۔ افتتاحی تقریب میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف اور سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے بھی شرکت کی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں