سعودی ولی عہد پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں: سفیر نواف المالکی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان طویل مدت اور پائیدارسرمایہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی محمد جواد سہراب ملک کو ملاقات کے دوران کہی۔ سعودی سفیر نے اس عزم کااعادہ کیا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آئندہ چند برسوں کے دوران پاکستان میں توانائی اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دس ارب ڈالر تک سرمایہ کاری میں اضافے کے خواہاں ہیں۔

ملاقات کے دوران جواد سہراب نے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور سٹیٹ بینک کے اکائونٹ میں آئندہ سات روز کے اندر دو ارب ڈالرز جمع کرانے کی تصدیق پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں ممالک نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان میں کاروبار کے مختلف مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے معاون خصوصی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان میں مصنوعات کی تیاری اور خدمات کی فراہمی کے شعبے میں متعدد مواقع موجود ہیں جن سے خلیجی ملکوں کے لئے برآمدات کے ذریعے نمایاں فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے آئندہ ترقیاتی منصوبوں میں پاکستانی محنت کشوں کے لئے روزگار کے مواقع بڑھانے کے سعودی عزم کو سراہا۔ سعودی سفیر نے سعودی حکومت کی طرف سے رواں اور آئندہ سال کے دوران سعودی عرب میں مختلف شعبوں کیلئے پاکستان سے مزید افرادی قوت بھرتی کرنے میں گہری دلچسپی کااظہار کیا۔

فریقین نے دوطرفہ کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، پاکستان سے مزید افرادی قوت کی برآمد اور مختلف اقتصادی شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے امور پر مفید بات چیت کی۔

مقبول خبریں اہم خبریں