ہماری خواہش امن کو کمزوری نہ سمجھا جائے: وزیر اعظم شہباز شریف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہا ہے، عالی معاشی بحران سے پاکستانی عوام کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

شہباز شریف نے جمعہ کو پی اے ایف اکیڈمی اصغرخان رسالپور میں پاسنگ آئوٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاک فضائیہ کی اکیڈمی میں اعلیٰ معیار اور ڈسپلن دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، پاس آئوٹ ہونےوالے کیڈٹس مستقبل کا اثاثہ ہیں، ان کیڈٹس کو کامیابی ان کی مسلسل محنت اور غیر متزلزل عزم کے باعث ملی ہے، پاک فضائیہ نے کسی بھی چیلنج میں ملک کا نام روشن کیا، پاک فضائیہ دنیا بھرمیں بے مثال مہارت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ پاک فضائیہ نے فروری 2019 میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، گزشتہ دو عشروں کے دوران قوم نے دہشت گردی، انتہاپسندی اورشدت پسندی کا سامنا کیا، پاک فوج سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس ناسورکا جوانمردی سے مقابلہ کیا ہے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کو موسمیاتی تبدیلی سمیت متعدد چیلنجز درپیش ہیں، پاکستان کو معاشی مسائل کا سامنا ہے، معیشت کو درست راہ پر گامزن کرنے کےلئے ہرممکن کوشش کر رہے ہیں، اس لئے میثاق معیشت چاہتے ہیں، عالمی معاشی بحران سے پاکستانی عوام کو متاثر نہیں ہونے دیں گے، جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوجائیں گے، اللہ تعالیٰ ملک کی ترقی کے لئے ہمیں مل کرکام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن ملک ہے تاہم ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، اگست 2019 سے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیرکو کھلی جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے، کشمیر کا دیرینہ تنازعہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے کیونکہ اس تنازعہ کو حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام ملکوں بالخصوص ہمسایہ ممالک سے دوطرفہ دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں، خطے میں امن کےلئے ہمسایہ ممالک سے ملکر کوششیں جاری رکھیں گے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے پاس ہونے والے کیڈٹس کو بیج لگائے۔ انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔

تقریب میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب،پاک فضائیہ کی سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں