اسلام آباد:پی ٹی آئی کے سینیر رہ نما اسدعمر،شاہ محمود قریشی اورفوادچودھری گرفتار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

اسلام آباد میں پولیس نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے تین سینیر رہ نماؤں اسدعمر، شاہ محمودقریشی اور فواد چودھری کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی کووفاقی دارالحکومت کے انتہائی سکیورٹی والے ریڈزون سے گرفتارکیا گیا ہے اور انھیں تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کردیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ایک اور رہ نما فواد چودھری کوبدھ کی شب سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتارکرلیا گیا ہے۔پارٹی نے ایک بیان میں کہاہے کہ فواد چودھری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے 12 مئی تک حفاظتی ضمانت ملنے کے باوجود حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اس سے پہلے اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسدعمر کواسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتارکرلیا تھا۔وہ مبیّنہ طورپرپارٹی کے گرفتارچیئرمین عمران خان کی ضمانت کی غرض سے عدالتِ عالیہ سے رجوع کرنے کے لیے گئے تھے۔سابق حکمران جماعت کے ایک اوررہ نما بابراعوان نے ان کی گرفتاری کوغیرقانونی قراردیا ہے اوراس کی مذمت کی ہے۔

دریں اثناء اسلام آباد میں امن وامان کی صورت حال پرقابو پانے کے لیے وزارت داخلہ کی درخواست پر پاک فوج کے دستوں کو تعینات کردیا گیا ہے اورانھوں نے شہر کے مختلف حساس مقامات پرسکیورٹی فرائض سنبھال لیے ہیں۔

سکیورٹی اہلکاروں نے بدھ کی سہ پرموٹروے اور جی ٹی روڈپرکنٹینر لگاکراسلام آباد کے داخلی راستے بند کردیے ہیں۔العربیہ کے نمایندے کے مطابق پشاورروڈ کی طرف سے آنے والی گاڑیوں کے اسلام آباد میں داخلے کو روکنے کے لیے26 نمبرچونگی چوک سے سری نگرہائی وے کی طرف جانے والی بغلی شاہراہ پرکنٹینر لگائے گئے ہیں۔

سری نگرہائی وے (سابقہ موٹروے) پرپرانے ٹول پلازا پر کنٹینر لگائے گئے ہیں جس سے موٹروے سے آنے والی گاڑیوں کواسلام آباد میں داخلے میں مشکلات کا سامنا ہے اور وہ سری نگرہائی وے کے گرد لگے جنگلے سے باہرکچے راستے سے پشاورروڈ کی جانب آرہی تھیں جبکہ کنٹینروں سے بند جگہوں پرگاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی تھیں اور وہ غلط سمت سے داخل ہونے کی کوشش کررہی تھیں۔سیکٹرجی 13 میں واقع اسلام آباد چوک کے نزدیک بھی سری نگرہائی وے کو بند کیا گیا ہے اورسیکٹرجی 11 سے بھی بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا تھا۔تاہم اسلام آباد کے اندرون شہر کی بیستر شاہراہیں کھلی ہوئی تھیں اور شہریوں کی گاڑیوں پرآزادانہ آمد ورفت جاری تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں