حج 1444

پاکستانیوں سمیت عازمینِ حج کی سعودی عرب میں آمد کا سلسلہ جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

رواں سال حج سیزن کے لیے پاکستانیوں سمیت عازمین کی سعودی عرب میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔وہ ہوائی اڈوں، زمینی گذرگاہوں اور بندرگاہوں کے ذریعے فریضۂ حج ادا کرنے کے لیے حجازِ مقدس پہنچ رہے ہیں۔

شہزادہ فیصل بن خالد عرعر گذرگاہ پر عراقی عازمین حج کا خیرمقدم کررہے ہیں۔
شہزادہ فیصل بن خالد عرعر گذرگاہ پر عراقی عازمین حج کا خیرمقدم کررہے ہیں۔

اتوار کے روز شمالی سرحدی علاقوں کے گورنر شہزادہ فصیل بن خالد بن سلطان بن عبدالعزیز نے جدیدت عرعر زمینی گذرگاہ کے ذریعے پہنچنے والے عراقی عازمین حج کا خیرمقدم کیا اور انھیں تحائف پیش کیے۔گورنرنے اس سرحدی گذرگاہ پر عازمین حج کے استقبال اور انھیں سہولتیں مہیا کرنے کے لے انتظامات کا معائنہ کیا ہے۔

ایران، پاکستان اور ترکی سمیت دنیا بھر سے عازمین کے کئی دیگر گروپ ہوائی اڈوں کے ذریعے پہنچ رہے ہیں۔سعودی اور ان ممالک کے حکام نے جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عازمین حج کا استقبال پھولوں، آب زمزم اور ناشتے سے کیا اور انھیں تحائف پیش کیے۔

سعودی عرب کی وزارت برائے اسلامی امور،دعوت و ارشاد نے مملکت بھر میں متعدد مبلغین کو مناسک حج کے بارے میں عازمین کے سوالوں کے جواب دینے اور معلومات فراہم کرنے کے لیے آمد کے مقامات پر تعینات کیا ہے۔

ترک عازمین کو جدہ ائیرپورٹ پر آب زم زم اور پھول پیش کیے جارہے ہیں۔
ترک عازمین کو جدہ ائیرپورٹ پر آب زم زم اور پھول پیش کیے جارہے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق رواں سال 26 لاکھ عازمین فریضۂ حج ادا کریں گے۔سعودی حکومت نے کروناوائرس کی وَبا کے بعد عاید کردہ کم وبیش تمام پابندیاں ختم کردی ہیں اور حج کے لیے عمر کی حد بھی ختم کردی ہے۔

دریں اثناء پاکستان سے سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین کی جدہ میں بھی آمد شروع ہوگئی ہے۔اس سے پہلے سرکاری اسکیم کے تحت حج پروازیں مدینہ منورہ پہنچ رہی تھیں۔

طریق مکہ اقدام کے تحت آنے والے پاکستانی عازمین کا جدہ ائیرپورٹ پرخیرمقدم کیا جارہا ہے۔
طریق مکہ اقدام کے تحت آنے والے پاکستانی عازمین کا جدہ ائیرپورٹ پرخیرمقدم کیا جارہا ہے۔

سوموار کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے 340 عازمین کو لے کر سعودی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 3727 جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پراتری ہے۔اس کے بعد ملتان اور اسلام آباد سے روانہ ہونے والی ایک ایک اور پرواز بھی جدہ پہنچنے والی تھی۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمر بٹ کے مطابق جدہ ایئرپورٹ پر آمد پر پاکستانی عازمین حج کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل حج، قونصل جنرل جدہ، ڈائریکٹر حج مکہ اور انچارج جدہ ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ شاہراہ مکہ اقدام کے تحت اسلام آباد سے آنے والے عازمین کو 8 بسوں کے ذریعے مکہ روانہ کیا گیا۔آج مزید ایک ہزار 50 پاکستانی عازمین حج براستہ جدہ ایئرپورٹ مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔چھے جون کو 11 پروازوں کے ذریعے 3387 پاکستانی عازمین حج جدہ کے ہوائی اڈے پر اُتریں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں