پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب میئر کراچی منتخب ہو گئے ، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے 173 ووٹ حاصل کئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم کو161 ووٹ ملے۔ میئر کراچی کیلیے پولنگ اسٹیشن میں ووٹنگ مکمل ہوئی تو جماعت اسلامی کی جانب سے سخت نعرے بازی کی گئی، اس موقع پر شور شرابے کا ماحول دیکھنے میں آیا۔

آرٹس کونسل کے باہر بھی صورت حال سخت کشیدہ رہی جہاں پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنان آمنے سامنے آ گئے۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے صورت حال کنٹرول کیے رکھی۔

قبل ازیں جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ 30 سے زائد منتخب اراکین کو لاپتہ کر دیا گیا، تحریک انصاف کے اغواء چیئرمینز کو پیش کیا جائے۔

حافظ نعیم نے نے ریٹرننگ افسر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میئر کے الیکشن کیسے ہوں گے؟ پہلے تحریک انصاف کے اغواء چیئرمینز کو پیش کرو، پھر ووٹنگ ہو گی۔ 30 سے زائد اراکین کو لاپتہ کر دیا گیا، خبریں ہیں ان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ آپ کی ذمہ داری تھی ان افراد کو یہاں لاتے۔

حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور شہید بے نظیر آباد میں بھی جیالے میئر

سندھ کے دیگر شہروں میں پیپلز پارٹی کے کاشف شورو حیدرآباد، ارسلان شیخ سکھر، عبدالرؤف میرپور خاص اور رشید بھٹی شہید بے نظیر آباد کے میئر منتخب ہوئے ہیں۔

آصف زرداری کی مرتضیٰ وہاب کو مبارکباد

سابق صدر آصف زرداری نے میئر کراچی کے الیکشن میں کامیابی پر مرتضیٰ وہاب کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ منتخب بلدیاتی نمائندں کی کامیابی کارکنوں کی محنت کا نتیجہ ہے، اپنے دفاتر کے درواز ے عوام کے لیے کھلے رکھیں۔

پولنگ کے انتظامات

پولنگ ہال میں داخلے کے لیے صبح ساڑھے 10 بجے تک کا وقت رکھا گیا تھا، اراکین کی شناخت کے لیےآرٹس کونسل کے باہر 4 کاؤنٹرز بنائے گئے تھے ، منتخب نمائندوں کو شناختی کارڈز دکھانے کے بعد ووٹنگ کارڈ جاری کیا گیا،آرٹس کونسل میں اراکین کو موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔

الیکشن کمشنر سندھ کا کہنا تھا پولیس پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر ہوگی، آر او اور ڈی آر اوکو مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے۔ پولیس حکام کے مطابق الیکشن کمیشن عملےکے علاوہ کسی کوپولنگ اسٹیشن میں داخلےکی اجازت نہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں