صدر پاکستان نے جسٹس قاضی فائزعیسی کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری دے دی

تعیناتی کا نوٹیفکیشن سیکرٹری وزارت قانون راجہ نعیم اکبر کی منظوری سے سیکشن آفیسر نے جاری کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کی منظوری دی۔ اس تعیناتی کا اطلاق 17ستمبر 2023ء سے موجودہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ کے بعد ہو گا۔

ایوان صدر کی جانب سے بدھ کے روز جاری بیان کے مطابق موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس عمر عطا بندیال، آئین کے آرٹیکل 179 کے تحت 16 ستمبر 2023 کو ریٹائرمنٹ کی عمر حاصل کر لیں گے۔ صدر مملکت نے چیف جسٹس کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے تین کے تحت کی۔ صدر مملکت جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے17 ستمبر 2023 کو عہدے کا حلف لیں گے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بطور اگلے چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کا نوٹیفکیشن سیکرٹری وزارت قانون وانصاف راجہ نعیم اکبر کی منظور ی سے سیکشن آفیسر سجاد مصطفی نے جاری کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کی کاپی تمام متعلقہ حکام کو بھجوا دی گئی۔

واضح رہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسٰی 26 اکتوبر 1959کو کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ اُن کا تعلق پشین کے ایک ممتاز خاندان سے ہے۔ وہ مرحوم قاضی محمد عیسٰی کے صاحبزادے ہیں جو کہ تحریک پاکستان کے صف اول کے رہنما تھے اور قاضی جلال الدین کے پوتے ہیں جو کہ آزادی سے پہلے ریاست قلات کے وزیر اعظم تھے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے والد قاضی محمد فائز عیسیٰ تھا جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے قریبی ساتھی تھے۔

سپریم کورٹ کی ویب گاہ پر درج ان کے تعارف کے مطابق قاضی فائز عیسیٰ کی والدہ بیگم سعدیہ عیسٰی تھیں جو کہ ایک سماجی کارکن تھیں اور بہت سے ہسپتالوں اور فلاحی اداروں کے بورڈ آف گورنرز کی رُکن تھیں۔

تین نومبر 2007کو سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کرنے اور ججز سے نیا حلف لینے کے بعد قاضی فائز عیسیٰ نے پی سی او کے تحت حلف لینے والے ججز کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا تھا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے تین نومبر 2007 کی ایمرجنسی کے اقدام کو کالعدم قرار دینے کے بعد بلوچستان ہائی کورٹ کے تمام ججز کو اپنے عہدوں سے مستعفیٰ ہونا پڑا تھا جس کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ براہ راست پانچ اگست2009 کو بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو پانچ ستمبر 2014 کو سپریم کورٹ آف پاکستان کا جج مقرر کیا گیا۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی 16ستمبر کو ریٹائرمنٹ کے بعد17ستمبر 2023 کو پاکستان کے نئے چیف جسٹس بنیں گے اور 25 اکتوبر 2024 کو اپنی 65 سالہ مدت ملازمت مکمل کرنے کے بعد تقریباً ایک سال اور ڈیڑھ ماہ تک ملک کے چیف جسٹس رہنے کے بعد اپنے عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں