وزیراعظم اور آرمی چیف نے عید پارا چنار میں تعینات فوجیوں کے ساتھ منائی

افواج پاکستان اورعسکری قیادت کی طرف سے پوری قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو پاک افغان سرحد پر پارہ چنار کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔ سول اور فوجی قیادت نے سرحدی علاقے میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے جوانوں کے ساتھ عید الاضحی کی نماز ادا کی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھیں۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے تہوار کے موقع پر وردی میں ملبوس جوانوں کو مبارکباد دی اور بات چیت کے ذریعے ان کے حوصلے بلند کئے۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پاک افغان سرحد پر پارہ چنار میں افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے فتنہ فساد اور انتشار پیدا کرنے والی قوتوں کے مذموم منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ سرحدوں کی حفاظت کرنے والے افسروں اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے عید کا دن فوج کے جوانوں اور افسران کے ساتھ گزارا۔

وزیر اعظم نے فوج کے اعلیٰ جذبے، عسکری تیاری اور پیشہ وارانہ معیار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کے افسر اور جوان ذاتی آرام و سکون چھوڑ کر وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔ افواج پاکستان کے افسر اور جوان موسم اور حالات کی سختیوں کو برداشت کرتے ہیں۔

وزیراعظم اور آرمی چیف پارہ چنار میں فوجی افسروں اور جوانوں کے ہمراہ نماز ادا کر رہے ہیں
وزیراعظم اور آرمی چیف پارہ چنار میں فوجی افسروں اور جوانوں کے ہمراہ نماز ادا کر رہے ہیں

وزیر اعظم نے کہا کہ افسر اور جوان مشکلات اور مصائب کا سامنا کرکے مادر وطن کی سرحدوں پر پہرہ دیتے ہیں، قوم آپ سب کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عید سمیت تہوار ہو یا کوئی غم کا موقع، افسر اور جوان وطن کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہیں۔ ہم آپ کے اس جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔

قبل ازیں وزیر اعظم شہبار شریف نے اپنے پیغام میں پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو حج اور عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ گذشتہ سال کے سیلاب سے بے گھر ہونے والوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں یاد رکھیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ پاکستان کو مہنگائی اور کساد بازاری کی شکل میں بیرونی مسائل کی وجہ سے قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے۔ تاہم، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

اس کے علاوہ، آئی ایس پی آر نے ایک پیغام میں کہا کہ مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے پاکستانیوں کو عیدالاضحیٰ کی بہت بہت مبارک باد دی۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عیدالاضحی ہمیں امن، اتحاد، بھائی چارے اور انسانیت کے لیے بے لوث قربانی کا پیغام دیتی ہے، جس میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مادر وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء کو یاد رکھیں۔ ’’وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ کے لیے نقش ہو جائیں گے۔‘‘

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں