سوئٹزرلینڈکے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھاناچاہتے ہیں: شہباز شریف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط سے قدرتی آفات سے تحفظ کے لئے باہمی تعاون کے فروغ میں مدد ملے گی۔

ہفتہ کے روز پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے مابین ایم او یو پر دستخط ایک بڑا قدم ہے جس سے مستقبل میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک ٹیکنالوجی اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکیں گے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو قدرتی آفات سے بچانے کیلئے آگاہی فراہم کرنے کے جدید نظام سمیت دیگر سہولیات کی دستیابی کیلئے تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان عالمی ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے بہت زیادہ متاثر ہو رہا ہے جبکہ کاربن کے اخراج میں ہمارے ملک کا حصہ انتہائی قلیل ہے۔ وزیر اعظم نے اس خواہش کا اظہار کیاکہ پاکستان سوئٹزرلینڈ کے ساتھ مختلف شعبوں خصوصاً سیاحت کے شعبہ میں تعاون کے فروغ کا خواہشمند ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان خوبصورت قدرتی مناظر سے مالا مال ہے۔ سوئس وزیر خارجہ کی جانب سے خطے میں امن و امان کے تاثرات پر وزیر اعظم نے کہا کہ خطے میں امن و امان کا قیام انتہائی ضروری ہے اور سوئٹزرلینڈ خطے میں امن وامان کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

سوئٹزر لینڈ کے وزیر خارجہ اگنازئیو کاسیس نے کہاکہ آفات سے نمٹنے کے حوالہ سے پاکستان اورسوئٹزرلینڈ کے درمیان تعاون کے فروغ کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیلئے پاکستان میں موجودگی پر فخر ہے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے اور ایم او یو دونوں ممالک کے درمیان ماحولیاتی تبدیلیوں میں اشتراک کار کےلئے انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قدیم ثقافتی تاریخ ہے اور یہ اپنے خوبصورت لینڈ سیکیپس کی وجہ سے دنیا بھر میں پہنچانا جاتا ہے۔ سوئس وزیر خارجہ نے مزید کہاکہ بدقسمتی سے پاکستان قدرتی آفات سے شدید متاثر ہو رہا ہے جس سے نہ صرف انسانی آبادی بلکہ زراعت اور بنیادی ڈھانچہ کا شعبہ بری طرح متاثر ہوتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں