چیئرمین پی ٹی آئی اور اسرائیلی لابی ایک دوسرے کے اتحادی ہیں: شیری رحمان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی [پاکستان تحریک انصاف] عمران خان کے اسرائیل اور بھارت سے تانے بانے جڑے ہیں۔ فلسطینیوں کے قاتل چیئرمین پی ٹی آئی کی حمایت کر رہے ہیں۔"

منگل کی سہ پہر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ "عمران خان اور اسرائیل اتحادی ہیں، انہوں نے دہشت گردوں کی کبھی مذمت نہیں کی۔"

انہوں نے کہا کہ "تحریکِ انصاف نے ملک کے خلاف بیرون ملک لابیاں بنا رکھی ہیں، پی ٹی آئی کو اسرائیل کا جارحانہ رویہ اچھا لگتا ہے۔ لابنگ کر کے چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے آپ کو ایکسپوز کر دیا ہے۔"

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ "اسرائیل نے پی ٹی آئی کی حمایت کی ہے۔ اسرائیل کی شکایت پر انسانی حقوق پر پاکستان صفائی دے ، یہ عجیب سی بات ہے ۔ اسرائیل کا نو مئی کے واقعات پر اقوام متحدہ میں جانا حساس نوعیت کا معاملہ ہے۔"

انہوں نے کہا کہ "فارن فنڈنگ، اور نو مئی کے واقعات کے تانے بانے پاکستان کے مخالفین سے ملتے ہیں ۔"

قبل ازیں شیری رحمان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’بات انسانی حقوق کی نہیں بلکہ اسرائیل کی تحریک انصاف اور اس کے چیئرمین کے ساتھ ’خصوصی ہمدردی‘ کی ہے۔‘

پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاقی وزیر شیری رحمان اور وزیر اعظم کے معاون عطا تارڑ کی پریس کانفرنس پر ایک بیان جاری کر کے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

پی ٹی آئی نے منگل کی شام جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’دونوں جماعتوں (پیپلز پارٹی اور ن لیگ) کے اعمال نامے اسرائیل سے خفیہ مراسم کی کوششوں اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی پسِ پردہ سازشوں سے سیاہ ہیں۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ’رجیم چینچ سے مسلط ہونے والی کٹھ پتلی سرکار کے بارے میں اسرائیل سے خفیہ سفارتی و تجارتی تعلقات کی باز گشت آج بھی قومی منظرنامے پر گونجتی ہے۔‘

’کٹھ پتلی راج کی اسرائیل سے خفیہ مراسم کی کوششوں کی سب سے مؤثر مزاحمت تحریک انصاف اور اس کی قیادت نے کی۔‘

پی ٹی آئی نے اسرائیل سے متعلق وزرا کے بیانات کو سازشی تھیوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’دستور کے بہیمانہ قتل اور جمہوریت و قانون کے چیتھڑوں کو بیہودہ بیانیوں کے پردے میں چھپانے کی کوششیں بے سود ہیں۔‘

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں