’نوکری کا جھانسہ‘: مارگلہ پہاڑیوں پر لڑکی کے ساتھ مبینہ ریپ کا مقدمہ درج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

اسلام آبادمیں ٹریل تھری پرخاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کیے جانے کے بعد واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ متاثرہ خاتون کو نوکری کا جھانسہ دے کر شیخو پورہ سے راولپنڈی بلایا گیا تھا۔

خاتون کو نعمان نامی شخص نے نوکری کا جھانسہ دے کر راولپنڈی بلایا تھا اور پھر سیر کے بہانے ٹریل تھری پر لے گیا جہاں اسے جنگل میں گن پوائنٹ پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

دارالحکومت کے سب سے زیادہ مقبول اور پُرانے ٹریک پر پیش آنے والے واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں کوہسار پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق زیادتی کرنے والے کا دعویٰ تھا کہ وہ محکمہ تعلیم میں اکاؤنٹنٹ ہے اور اس کے پاس کچھ آسامیاں خالی ہیں جن پر وہ خاتون کو نوکری دلوا سکتا ہے۔

خاتون کے مطابق اس کام کیلئے ان سے 50 ہزار روپے رشوت مانگی گئی، وہ راولپنڈی آگئیں اور اس شخص کو اپنی سی وی اور 30 ہزار روپے دیے۔ بقیہ 20 ہزار تحریری حکمنامہ وصول کرنے پر ادا کیے جانے تھے۔ نعمان نے سینیئر افسر سے ملاقات کا بتاتے ہوئے کہا کہ وہ تمام امیدواروں کے انٹرویو لیں گے اور بغیر کسی اعتراض کے آپ کو منتخب کر لیں گے۔

خاتون نے بتایا کہ وہ 13 جولائی کو انہیں موٹرسائیکل پر بٹھا کر اسلام آباد کے مشہور ہائیکنگ ٹریک ٹریل 3 لے آیا، یہاں سیاح بھی موجود ہوتے ہیں اور جنگلی حیات کی موجودگی کے باعث اس جگہ کا انتظام محکمۂ وائلڈ لائف کے پاس ہے۔

متاثرہ خاتون کے مطابق، ’اس شخص نے جنگل میں زبردستی گن پوائنٹ پر میرا ریپ کیا اور شور مچانے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ میں ڈر کے مارے خاموش رہی اور اس نے ڈرا دھمکا کر مجھے واپس اتار دیا‘۔

اس سے قبل فروری 2023 میں اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں خاتون کو گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا تھا جس کی ایف آئی آر تھانہ مارگلہ کی پولیس نے درج کی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں