پاکستان ریفائنری لمیٹڈ اور ایئرلنک کمیونی کیشن کا شیل کے77 فی صد حصص لینے کے لیے اکٹھ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (پی آر ایل) اور نجی فرم ایئر لنک کمیونی کیشن نے تیل اورگیس کی معروف کمپنی شیل پاکستان کے حصص حاصل کرنے کے لیے اپنے اکٹھ کا اعلان کیا ہے۔

شیل پاکستان لمیٹڈ (ایس پی ایل) نے جون میں اعلان کیا تھا کہ اس کی پیرنٹ کمپنی شیل پیٹرولیم (ایس پی سی او) مقامی کاروبار میں اپنے 77.42 فی صد حصص کی فروخت کے ساتھ پاکستان سے باہر نکل جائے گی۔ایس پی ایل نے یہ فیصلہ 2022 میں شرح تبادلہ، پاکستانی روپے کی قدر میں بڑے پیمانے پر کمی اور واجب الادا وصولیوں کی وجہ سے نقصانات کا سامنا کرنے کے بعد کیا ہے۔اس وقت پاکستان کو شدید مالی بحران اور معاشی سست روی کا سامنا ہے۔ 31 مارچ 2023ء کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے مالیاتی گوشواروں کے مطابق کمپنی پاکستانی حکومت کے ذمے واجب الادا پانچ ارب 33 کروڑ 10 لاکھ روپے کی وراثتی وصولیوں کا بوجھ برداشت کر رہی ہے۔

شیل پیٹرولیم کمپنی نے اپنے پورٹ فولیو کو بہتر اور آسان بنانے کے لیے شیل پاکستان لمیٹڈ میں اپنے حصص فروخت کرنے کے عمل کا آغاز کیا تھا، جس میں ایس پی ایل کے تمام ڈاؤن اسٹریم کاروبار اور ایس پی ایل کی پاک عرب پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ (پی اے پی سی او) کی 26 فی صد ملکیت بھی شامل ہے۔ پیر کے روز ایئر لنک اور پی آر ایل نے پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو ایک نوٹس کے ذریعے شیل پاکستان کے حصص حاصل کرنے کے ارادے کا اعلان کیا ہے۔

نیکسٹ کیپٹل لمیٹڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم پاکستان ریفائنری لمیٹڈ اور ایئر لنک کمیونیکیشن لمیٹڈ (جسے مجموعی طور پر 'ایکچیورز' کہا جاتا ہے) کی جانب سے شیل پاکستان لمیٹڈ ('ٹارگٹ') کے 77.42 فی صد حصص اور کنٹرول حاصل کرنے کے ارادے کا اعلان پیش کرتے ہیں۔

پی آر ایل پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کا ماتحت ادارہ ہے جو پاکستان میں تیل صاف کرنے والے پانچ کارخانوں میں سے ایک ہے۔ اسٹاک فائلنگ ریکارڈ کے مطابق پی ایس او کے پاس پاکستان ریفائنری لیمٹڈ کے 63.56 فی صد حصص ہیں جبکہ حکومت پاکستان کے پاس براہ راست پی ایس او کے 22.47 فی صد حصص ہیں۔ایئر لنک کمیونی کیشن بنیادی طور پر اسمارٹ فونز کی تقسیم،مینوفیکچرنگ اور ان کے خوردہ انتظام پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔

اسٹاک فائلنگ اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ پر مبنی اعداد و شمار کے مطابق شیل اپنے ساڑھے سولہ کروڑسات لاکھ حصص فروخت کرے گا جن کی مالیت کا تخمینہ 19 ارب روپے (69.4 ملین ڈالر) لگایا گیا ہے۔ شیل پاکستان کے حصص کی قیمت میں پیر کے روز 4.75 روپے یا 4.3 فی صد کا اضافہ ہوا تھا۔

نیکسٹ کیپیٹل لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اس پیش کش پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں