پاکستان کا آذربائیجان کے ساتھ آسان شرائط پر ایل این جی کی خریداری کا سمجھوتا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

پاکستان نے آذربائیجان کے ساتھ آسان شرائط پرمائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی خریداری کا سمجھوتا طے کیا ہے۔

اس سمجھوتے پر لاہور میں پاکستان ایل این جی لمیٹڈ اور آذربائیجان کی کمپنی سوکار کے حکام نے دست خط کیے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف بھی اس موقع پر موجود تھے ۔انھوں نے تقریب سے خطاب میں کہاکہ اس سمجھوتے کی مدت ایک سال ہے اور اس میں مزید ایک سال کی توسیع ہوسکتی ہے۔

انھوں نے کہاکہ سمجھوتے کے تحت آذربائیجان ہرماہ ایل این جی کے ایک کارگو کی پیشکش کرے گا اور یہ پاکستان پر منحصر ہے کہ وہ اس پیش کش کو قبول کرے یا نہ کرے۔انھوں نے کہا کہ اگر پاکستان کارگوکو قبول نہیں کرتا تو پاکستان کو کوئی مالیاتی جرمانہ ادا نہیں کرنا پڑے گا ۔

وزیراعظم نے سمجھوتے کو پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات میں ایک ہم سنگ میل قراردیا اور اس میں اہم کردارادا کرنے پر آذربائیجان کے صدر کا خاص طورپر شکریہ اداکیا ۔آذری صدر کے ساتھ اپنی حالیہ تعمیری اور مفید بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے آذری ائیرلائن کو اسلام آباد ، لاہور اور کراچی کے لیے پروازیں چلانے کی منظوری دی ہے ۔یہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاحت وسرمایہ کاری کے فروغ اور وفود کے تبادلوں کی جانب بڑا قدم ہے ۔

شہبازشریف نے کہاکہ باغبانی کے ماہرین پر مشتمل آذربائیجان کا ایک وفد بھی ان کی دعوت پر آج پاکستان پہنچ رہا ہے۔انھوں نے کہاکہ ہم کراچی، پشاور ، کوئٹہ اور لاہور کے منظر نامے کو باکو جیسا خوبصورت بنانے کے لیے ان کے تجربات سے سیکھنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافے کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسا عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت کیاگیا ہے ۔تاہم انھوں نے واضح کیاکہ اس اضافے کا 63 فی صد گھریلو صارفین پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا۔انھوں نے کہاکہ 31 فی صد صارفین کو بھی جزوی اعانت دی گئی ہے ۔

اس موقع پر آذربائیجان کے سفیر نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ملک توانائی، دفاع، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹرانسپورٹ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے رہے ہیں اور وہ ترجیحی تجارتی معاہدے پر بھی بات چیت کررہے ہیں۔ انھوں نے اس اعتماد کا اظہار کیاکہ دونوں ممالک یہ معاہدہ طے کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں