وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ٹیلیفونک رابطہ

پاکستان میں یوم تقدس قرآن منانے بارے آگاہ کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہ سے ٹیلی فون پر بات کی۔

منگل کو دفتر خارجہ کے مطابق یہ ٹیلی فون کال سویڈن اور دیگر یورپی ممالک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے پے در پے واقعات کے پس منظر میں کی گئی۔ وزیر خارجہ نے توہین آمیز کارروائیوں کی مذمت کی جو بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو 6 جولائی 2023 کو پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد اور 7 جولائی 2023 کو پاکستان بھر میں یوم تقدس قرآن کے منانے کے بارے میں آگاہ کیا جو تحفظ قرآن کے لئے پاکستان کے عوام کی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیر خارجہ نے اس بات کو سراہا کہ او آئی سی سیکرٹری جنرل کی سرپرستی میں ان قابل مذمت کارروائیوں کا فوری جواب دے رہی ہے۔ انہوں نے 2 جولائی 2023 کو جدہ میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہونے والے غیر معمولی اجلاس اور اجلاس کے بعد جامع اعلامیہ جاری کرنے پر او آئی سی کی تعریف کی۔

وزیر خارجہ نے اس معاملے پر ہنگامی وزارتی اجلاس کے انعقاد کے لیے او آئی سی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور سیکرٹری جنرل کو اس سلسلے میں ایران، سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فونک رابطہ سے آگاہ کیا۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے اور انسداد کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اقوام متحدہ میں اس سلسلے میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل کو یقین دلایا کہ پاکستان اسلامو فوبیا کی قابل مذمت لہر کو روکنے کے لیے او آئی سی کے تمام اقدامات میں فعال طور پر حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں