حملے کی دھمکی کےبعد بھارت’’پاپولربیانیے کا جال نہ بنے‘‘،اسلام آباد کا دہلی کو انتباہ

دہلی کی طرف سے حملے کی دھمکی کے بعد پاکستان نے بھارت کو ’پاپولسٹ بیانیہ‘میں الجھانے کی کوششوں سے خبردار کیا ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستان نے ہندوستان کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے اس بیان پر تنقید کی ہے جس میں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کشمیر کے متنازعہ ہمالیائی علاقے کو تقسیم کرنے والے ڈی فیکٹو بارڈر کو عبور کرنے کے لئے اپنے ملک کی تیاری پر فخر کا اظہار کیا ہے، اور نئی دہلی سے کہا کہ وہ اسے "مقبول عوامی گفتگو" میں نہ گھسیٹے۔"

جوہری طاقت کی حامل دونوں جنوبی ایشیائی اقوام اگست 1947ء میں برطانوی حکومت سے آزادی حاصل کرنے کے بعد سے مسئلہ کشمیر پر جنگیں لڑ چکی ہیں۔ اس تزویراتی پہاڑی خطے پر دونوں ممالک ملکیت کے دعوے دار ہیں لیکن ان کا کنٹرول صرف جزوی ہے۔

لداخ میں کارگل جنگ میموریل کے حالیہ دورے کے دوران بھارتی وزیر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ "ضرورت پڑنے پر ان کے ملک کی مسلح افواج کنٹرول لائن کو عبور کرنے میں دیر نہیں لگائیں گی۔"

اس پیش رفت کے جواب میں پاکستان کے دفترِ خارجہ نے نوٹ کیا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کسی بھارتی سیاسی رہنما یا فوجی افسر نے "اس قدر غیر ذمہ دارانہ تبصرہ" کیا ہو۔ دفترِ خارجہ نے مزید کہا کہ ایسے "جنگ جویانہ اور جنونی بیانات کا رکنا ضروری ہے۔"

بیان میں کہا گیا ہے کہ "بھارت کی مقبول عوامی گفتگو میں پاکستان کو گھسیٹنا بند ہونا چاہیے جس کا مقصد انتہائی درجے کی قوم پرستی کو ہوا دینا اور انتخابی فوائد حاصل کرنا ہو۔"

پاکستان اور بھارت نے 1999ء میں کنٹرول لائن کے ساتھ تزویراتی بلندیوں پر قبضہ کرنے کی جدوجہد میں کارگل جنگ لڑی تھی۔

بھارتی وزیرِ دفاع نے کہا کہ کشیدگی کے دوران کنٹرول لائن کی خلاف ورزی نہ کرنا ایک تزویراتی فیصلہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ضروری ہوا تو وزیرِاعظم مودی کی حکومت، اپنی مسلح افواج کو کنٹرول لائن کے دوسری جانب فوجی کارروائی کرنے سے نہیں روکے گی۔

پاکستان نے نوٹ کیا کہ ایسی "جنگجویانہ ہرزہ سرائی" خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور جنوبی ایشیا کے تزویراتی ماحول کو غیر مستحکم کرتی ہے۔

دفترِ خارجہ نے مزید کہا کہ "بھارتی قیادت یاد رکھے کہ پاکستان اپنے خلاف کسی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے۔"

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں