حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی عظیم قربانی بے مثال آفاقیت کی حامل ہے:شہباز شریف

حضرت امام حسینؓ اور ان کے اصحاب نے ہمیں وفاداری، راست بازی اور حق و انصاف کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی حمایت کا درس دیا:صدر علوی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھی شہدائے کربلا کی قربانی میں آفاقیت اور ایثار کی ایسی علامتیں ہیں جن کی پوری بنی نوع انسان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

انھوں نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 14 صدیاں گزرجانے کے باوجود، اللہ کے نبی ﷺ کے خاندان کی اس عظیم قربانی کی یاد نے انسانی شعور کے ارتقاء اورحق، انصاف اور آزادی کی انسانی جدوجہد کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ طاقت کے استعمال سے ظلم و جبر کے شکار لوگوں کے لیے حضرت امام حسین ؓ کی مثال صبر ،برداشت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے اور یہ گھٹاٹوپ تاریکی میں بھی امید کا دیا جلائے رکھتی ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کے محبوب نواسے اور ان کے ساتھی اسلام کی اخلاقی اساس کی حفاظت کے لیے ڈٹے رہے اور انسانیت کی تاریخ میں اپنی شجاعت، بہادری اور ایمان کی طاقت کے ان مٹ نقوش چھوڑ گئے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے اصحاب نے ہمیں وفاداری، راست بازی اور حق و انصاف کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی حمایت کا درس دیا۔

انھوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ’’ہمیں معاشرے کی وسیع تر بھلائی اور انسانیت کی بہتری کے لیے ذاتی آسائشوں اور خواہشات کو ترک کردینا چاہیے‘‘۔

وزیردفاع خواجہ محمدآصف نے کہاکہ واقعہ کربلا ہمیں حسینیت کے تا ابد زندہ وپایندہ رہنے اور ہر دورمیں یزیدیت کے خلاف برسر پیکار رہنے کی یاد دلاتاہے۔ایک ٹویٹ میں وزیردفاع نے کہاکہ یوم عاشور ہمیں یاد دلاتا ہےکہ حسینیت تا ابد زندہ ہے اور ہر دور میں یزیدیت کے خلاف برسر پیکار رہے گی۔

انھوں نے کہاکہ ظلم ، جبر اور بربریت کے خلاف جنگ میں خانوادۂ رسولﷺ کی قربانی مشعلِ راہ ہے اور ہر دورمیں معاشرے کے یزید کے خلاف جنگ ہم پر فرض ہے اور اس کے لیے قربانی سنتِ حسین رضی اللہ عنہ ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں