چینی نائب وزیر اعظم کی آمد: اسلام آباد میں پیر اور منگل کو عام تعطیل ہوگی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

حکومت پاکستان کی دعوت پر چین کے نائب وزیر اعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن ہی لی فینگ 30 جولائی سے یکم اگست تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے اعلامیہ کے مطابق نائب چینی وزیر اعظم ہی لی فینگ پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبے کی 10 سالہ تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

دورے کے دوران نائب وزیر اعظم سی پیک کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت سمیت صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

نائب وزیر اعظم ہی لی فینگ نے چین کے بین الاقوامی اقتصادی تعلقات اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے نفاذ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جن میں سے سی پیک ایک اہم منصوبہ ہے۔

نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے چیئرمین کے طور پر انہوں نے پاکستان میں سی پیک کے متعدد منصوبوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل درآمد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق نائب چینی وزیر اعظم کا دورہ پاکستان اور چین کے مابین باقاعدہ اعلٰی اختیاراتی دفود کے تبادلوں اور مذاکرات کا حصہ اور دوطرفہ سدا بہار تذویراتی تعاون اور شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لیے پاکستان اور چین کی جانب سے اس ضمن میں دی جانے والی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔

’اس دورے کا مقصد دو طرفہ بنیادی مفادات پر حمایت کی توثیق سمیت اقتصادی اور مالی تعاون میں اضافے ، سی پیک کی اعلٰی معیار کی ترقی کو آگے بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنا ہے۔‘

ادھر اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں 31 جولائی اور یکم اگست کو عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، عام تعطیل کا اعلان چیف کمشنر کی منظوری سے کیا گیا لہٰذا سکول، کالجز اور دفاتر بھی بند رہیں گے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہائی لیول غیر ملکی وفد کی آمد کے سبب عام تعطیل کا اعلان کیا گیا، اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کے فول پروف غیر معمولی انتظامات کئے جائیں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں