پاکستان منرلز سمٹ میں معدنی وسائل کی ترقی کے لیے مفاہمت کی تین یادداشتوں‘ پر دست خط

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

پاکستان معدنیات کانفرنس ’مفاہمت کی تین یادداشتوں‘ پر دست خط کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی ہے۔ان میں پاکستان میں معدنی وسائل کی ترقی اور کان کنی کی صنعت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

منگل کو وزیراعظم دفتر کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’پاکستان منرلز سمٹ – ڈسٹ ٹو ڈویلپمنٹ‘ اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے اور آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

کانفرنس میں متعلقہ وفاقی اور صوبائی وزراء، غیر ملکی معززین، سرمایہ کاروں اور تکنیکی ماہرین نے شرکت کی۔ اس سمٹ کا اہتمام خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) اور بارک گولڈ کارپوریشن نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔وزارت پٹرولیم اور قدرتی وسائل نے اس کے انعقاد میں معاونت اور سہولت مہیا کی تھی۔

بیان کے مطابق سمٹ مختلف ماہرین، صنعتی رہ نماؤں اور سرکاری و نجی اداروں کے بہت سے متعلقہ فریقوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے اور پاکستان کی معدنیات کی ترقی کے لیے آگے بڑھنے کا بہترین راستہ تلاش کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پرخطاب میں کہا کہ بہ حیثیت قوم پاکستانیوں نے ہمیشہ عزم اور امید کا مظاہرہ کیا ہے اور ایسے اقدامات سے میں امید کو حقیقت بنتے دیکھ سکتا ہوں، ہمیں بہتر مستقبل کے لیے ایک مضبوط بیانیہ تیار کرنے کی ضرورت ہے اور پاکستان کی معدنی دولت ہمارے لیے عالمی معیشت میں اپنی شناخت بنانے کا بہترین موقع ہے۔

انھوں نے کہا کہ سرمایہ کاری سہولت کونسل ایک بہترین اقدام ہے۔ یہ کونسل پاکستان کو براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع کو بہتر بنانے میں مدد کر سکتی ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان میں کان کنی کی صنعت کے بدلتے ہوئے منظرنامے کے بارے میں اپنے ویژن سے آگاہ کیا اور ایس آئی ایف سی کے اہم کردار پر زور دیا۔

انھوں نے کہا کہ مشکل وقت کسی قوم کے عزم کا امتحان ہوتا ہے، ہم آہنگی، ثابت قدمی اور امید کے ذریعے ہم موجودہ چیلنجوں پر قابوپالیں گے۔ تقریب کا اختتام پرطے پانے والی ’مفاہمت کی یادداشتوں‘ میں پاکستان میں کان کنی کی صنعت میں غیرملکی سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنےکی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں