سیاستدان اور اسٹیک ہولڈرز عفو اور درگزر کا رویہ اپنائیں: صدر عارف علوی

جشن آزادی کے موقع پر پر اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں صدر مملکت عارف علوی نے پرچم فضا میں بلند کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ ’ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز اور سیاست دانوں کو عفو درگزر سے کام لینا ہو گا۔ پاکستان اپنے لیڈروں سے تقاضہ کرتا ہے کہ اکٹھے ہو جائیں۔‘

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی صبح اسلام آباد میں واقع جناح کنونشن سینٹر میں یوم آزادی کی مناسبت سے منعقد ہونے والی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ منافرت پھیلانے کے بجائے محبتوں کو فروغ دینا ہو گا، محبت کو فروغ دینے کے لیے اسلام واحد راستہ ہے۔

اس موقعے پر انہوں نے پاکستانی قوم کو مبارک باد بھی پیش کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج بھی ہمارے فوجی اور سویلینز پاکستان کے لیے مسلسل شہادت دے رہے ہیں، ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستانی قوم نے اپنی آزادی اور جمہوریت کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔ ہماری قربانیوں کا سلسلہ 1857 کی جنگ آزادی سے شروع ہو گیا تھا اور آج بھی میرے فوجی اور سویلین ملک کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔‘

عارف علوی نے کہا ہے کہ انصاف کے لیے ضروری ہے فریقین کو سنا جائے، اسلام کی اقدار کو اپنانا چاہیے، اشرافیہ سے التجا ہے ہر بچے کو اسکول بھیجیں، تنخواہ دار ٹیکس چوری کرنے والوں کا بوجھ اٹھاتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ فلاح اور انصاف نہ ہوں تو ریاست میں برکت نہیں ہوتی، اسلام پُرامن مذہب ہے، ہم امن چاہتے ہیں، اتحاد کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ ’ملک میں ٹیکس دینے والے ٹیکس نہ دینے والوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ پاکستان میں دو کروڑ 70 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ تعلیم کے نظام کو بہتر بنا کر ہم ٹیکس دہندہ طبقے پر پڑنے والے بوجھ کو کم کر سکتے ہیں۔‘

تقریب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور غیر ملکی مہمان نے بھی شرکت کی۔

یوم آزادی کی مناسبت سے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی پر اپنے پیغام میں کہا پاکستان کے قیمتی تحفے کے لیے ہم قائد اعظم کے ہمیشہ احسان مند رہیں گے، آج بھی ہمیں اتحاد اور خود اعتمادی کے اسباق کو بروئے کار لا کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے،پاکستان کی آزادی کی76ویں سالگرہ پر سمندر پار پاکستانیوں سمیت پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج ہمیں اس جذبے کو ابھارنے کی ضرورت ہے جو تحریک آزادی کی پہچان تھا۔

قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اہل وطن کو خصوصی پیغام کے ذریعے آزادی کی 76ویں سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کا دن ہمیں خود شناسی کا موقع فراہم کرتا ہے، قوم کو چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے، آج کا دن تقاضا کرتا ہے کہ ہم عزم کریں ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں